• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

کراچی: پولیس اور رینجرز کی مشترکہ کارروائی، مشتبہ ڈاکو ہلاک

شائع December 26, 2022 اپ ڈیٹ December 27, 2022
— فائل فوٹو: اے ایف پی
— فائل فوٹو: اے ایف پی

کراچی کے علاقے سپر ہائی وے میں پولیس اور رینجرز کا مبینہ ڈاکوؤں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک مشتبہ ڈاکو ہلاک ہوگیا۔

سائٹ سپر ہائی وے انڈسٹریل ایریا پولیس نے بتایا کہ دو مسلح مشتبہ افراد نے شکایت کنندہ 20 سالہ سلطان خان سے سپر ہائی وے میں چاکر ہوٹل کے قریب موٹرسائیکل چھینی تھی جبکہ مزاحمت پر ان کو گولی مار کر زخمی کرنے کے بعد وہاں سے فرار ہو گئے تھے۔

مزید بتایا گیا کہ اس دوران پولیس اور رینجرز کی جانب سے مشترکہ اسنیپ چیکنگ کے دوران انہیں رکنے کا اشارہ کیا لیکن مشتبہ افراد نے فائرنگ شروع کردی، فائرنگ کے تبادلے میں ایک مشتبہ شخص گولی لگنے سے ہلاک ہو گیا، جس کی شناخت بلال افغانی کے نام سے ہوئی جبکہ اس کے ساتھی بابو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ پولیس نے جائے وقوع پر ان کے قبضے سے 2 پستول بمعہ گولیوں اور چھینی گئی موٹرسائیکل برآمد کر لی۔

دوسری جانب، پاکستان رینجرز (سندھ) کے ترجمان نے الگ بیان جاری کیا اور بتایا کہ ملزم بلال افغانی سہراب گوٹھ اور ناردن بائی پاس پر ڈکیتی، اسٹریٹ کرائمز اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث تھا۔

ترجمان نے بتایا کہ دو دن پہلے دونوں مشتبہ افراد نے فقیرہ گوٹھ میں سیکیورٹی گارڈ سے اسلحہ اور موبائل فون چھین لیا تھا اور مزاحمت پر گارڈ کو گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ ہلاک ملزم کو پہلے بھی پولیس نے جرائم میں ملوث ہونے پر گرفتار کر لیا تھا۔

ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ایک اور نوجوان قتل

پولیس کے مطابق اتوار کی رات کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر مبینہ ڈکیتوں کی فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا۔

پولیس نے بتایا کہ سیکٹر 50 بی میں عمر فاروق چورنگی کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر مشتبہ لٹیروں نے 27 سالہ عصمت اللہ کو قتل کر دیا، جس کی لاش کو قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

مبینہ دوستوں کی فائرنگ سے ایک نوجوان قتل

پولیس کے مطابق بلدیہ ٹاؤن میں ڈانس پارٹی سے واپسی کے دوران ایک نوجوان کو مبینہ طور پر اس کے دوستوں نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔

اتحاد ٹاؤن تھانے کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) غلام رسول ارباب نے بتایا کہ رفیع اللہ اپنی کار میں سفر کر رہا تھا کہ موٹرسائیکل سوار تین مشتبہ افراد نے عیدگاہ گراؤنڈ کے قریب فائرنگ کر دی، اسے ایک گولی سر میں لگی جس سے وہ جاں بحق ہو گیا، اس کے جسد خاکی کو سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

افسر نے بتایا کہ متاثرہ شخص ایک اسکریپ ڈیلر ہے، جن کا تعلق خیبرپختونخوا کے علاقے لکی مروت سے ہے۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ مقتول اور ان کے دوستوں کے درمیان علاقے میں جاری ڈانس پارٹی میں جھگڑا ہوا تھا، وہ گھر واپس آ رہا تھا کہ ان کے دوستوں نےانہیں گولی مار کر قتل کر دیا۔

انہوں نے بتایا کہ ایک مشتبہ شخص کی شناخت ہو گئی ہے لیکن پولیس قانونی کارروائی شروع کرنے کے لیے فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کرنے کے لیے مقتول کے ورثا کا انتظار کر رہی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024