• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

ملک میں 10سال سے قبل مردم شماری کرانا غیرآئینی ہے، عبدالمالک بلوچ

شائع December 26, 2022
نیشنل پارٹی کے صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے آئندہ قومی مردم شماری کی مخالفت کردی— فائل فوٹو: اے پی پی
نیشنل پارٹی کے صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے آئندہ قومی مردم شماری کی مخالفت کردی— فائل فوٹو: اے پی پی

نیشنل پارٹی کے صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے آئندہ قومی مردم شماری کی مخالفت کردی ہے اور اسے ’غیر آئینی‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئین 10 سال سے پہلے مردم شماری کی اجازت نہیں دیتا۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق اتوار کو کراچی میں پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈاکٹر بلوچ نے کہا کہ ملک میں مردم شماری ہر 10 سال بعد ہونی چاہیے اور صرف پانچ سال بعد کرانا آئین کی خلاف ورزی ہے۔

ملاقات میں جاری سیاسی صورتحال، تنظیمی معاملات اور ریکوڈک کان کنی کے معاہدے سمیت کئی دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

نیشنل پارٹی کے سیکریٹری جنرل میر جان محمد بلیدی نے ڈاکٹر بلوچ کے حوالے سے مرکزی کمیٹی کے ارکان کو بتایا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی قیادت نے ریکوڈک منصوبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے تحفظ کی ضمانت دینے والا بل منظور کرتے ہوئے جمہوریت اور 1973 کے آئین کو عملی طور پر نظر انداز کر دیا ہے۔

ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ ریکوڈک بلوچستان کے عوام کی قومی ملکیت ہے اور اس حق سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اور اس کے اتحادیوں کی حکومت سے کوئی تعلق نہیں ہے، پی ڈی ایم کے ساتھ ہمارا اتحاد 26 نکات پر تھا اور اب بھی ہے جس میں تمام لاپتا افراد کی بازیابی، بلوچستان کے قدرتی وسائل پر بلوچ قوم کو کنٹرول دینا اور ملک میں انتخابی عمل میں ریاستی اداروں کی مداخلت کا خاتمہ شامل ہے۔

2013 سے 2015 تک بلوچستان کے وزیراعلیٰ رہنے والے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ بلوچ قوم کے مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور بلوچستان اور اس کے عوام کے خلاف کوئی سازش قابل قبول نہیں۔

انہوں نے نیشنل پارٹی کے رہنماؤں کو ہدایت کی کہ وہ خود کو الیکشن کے لیے تیار کریں، پارٹی کارکنوں اور ذمہ دار ساتھیوں کو وقت دیں اور اپنے علاقوں میں جا کر پارٹی کارکنوں کو الیکشن کے لیے متحرک کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک وفاق ہے جہاں تمام قومیں اپنے صوبوں کے وسائل کی آئینی اور قانونی مالک ہیں، انہوں نے کہا کہ قوموں کے مساوات کو تسلیم کیا جانا چاہیے۔

نیشنل پارٹی کے صدر نے کہا کہ ان کی پارٹی کی واضح پالیسی ہے کہ ملک کے انتخابی عمل میں کوئی مداخلت نہیں ہونی چاہیے اور عوام کو بغیر کسی خوف کے اپنے نمائندے منتخب کرنے کا آزادانہ انتخاب دیا جانا چاہیے، ہماری پارٹی عوام کی طاقت پر یقین رکھتی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024