• KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:26pm

روس: نرسنگ ہوم میں آتشزدگی سے 22 افراد ہلاک

شائع December 24, 2022
روسی تفتیشی کمیٹی نے غفلت برتنے کی وجوہات کے تعین کیلئے تحقیقات شروع کردی ہے — فوٹو: رائٹرز
روسی تفتیشی کمیٹی نے غفلت برتنے کی وجوہات کے تعین کیلئے تحقیقات شروع کردی ہے — فوٹو: رائٹرز

روس کے سائبیریائی شہر کیمیروف میں عمر رسیدہ افراد کے لیے غیر قانونی طور پر قائم نجی نرسنگ ہوم میں آتشزدگی کے نتیجے میں 22 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسیوں کی رپورٹس کے مطابق روس کی تفتیشی کمیٹی کا کہنا تھا کہ کیمیروف میں نجی سطح پر ایک نرسنگ ہوم قائم کیا گیا تھا جہاں رات کو آگ لگی۔

تفتیشی کمیٹی نے ٹیلی گرام پر بیان میں کہا کہ نجی عمارت غیر قانونی طور پر نرسنگ ہوم کے لیے استعمال ہو رہی تھی اور اس واقعے میں 22 افراد ہلاک ہوئے۔

اس سے قبل تفتیشی کمیٹی نے اپنے بیان میں بتایا تھا کہ آتشزدگی کے واقعے میں 20 افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔

ٹیلی گرام پر بیان میں روسی ادارے نے بتایا کہ واقعے میں 6 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے دو کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور جھلسنے کی وجہ سے ان کی حالت تشویش ناک ہے۔

عہدیدار کا کہنا تھا کہ روس میں انتظامیہ کی اجازت کے بغیر بزرگوں کے لیے کئی نرسنگ ہومز قائم کیے گئے ہیں اور ان کو نجی اثاثہ قرار دیا جاتا ہے اور ان کی انسپکشن نہیں ہوتی۔

روس کی سرکاری خبر ایجنسی ’تاس‘ کی رپورٹ کے مطابق لکڑیوں سے بنی دو منزلہ عمارت میں آگ لگی جو 180 مربع میٹر تک پھیل گئی۔

ایمرجنسی سروسز کی جانب سے جاری ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آگ سے متاثر ہونے والی عمارت کے باہر ایمرجنسی کی گاڑیوں کی طویل قطار ہے اور فائر فائٹرز آگ کے شعلے کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس کی وجہ سے رات کے اس پہر دھواں آسمان کی طرف بلند ہو رہا ہے۔

ایمرجنسی سروسز کی جانب سے جاری کی گئیں تصاویر سے واضح ہوتا ہے کہ عمارت مکمل طور پر خاکستر ہوچکی ہے۔

روس کے علاقے کزباس کی انتظامیہ نے اپنی ویب سائٹ میں بتایا کہ آگ لگنے کی ابتدائی وجہ ہیٹنگ اسٹو استعمال کرتے ہوئے فائر سیفٹی سے متعلق قواعد کی خلاف ورزی رپورٹ ہوئی ہے۔

روس میں بڑے جرائم کی تفتیش کرنے والی تفتیشی کمیٹی کا کہنا تھا کہ غفلت کی وجہ سے ہلاکتوں پر تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

یاد رہے کہ روس کے شہر کیمیروف میں اس سے قبل 2018 میں آتشزدگی کا بدترین واقعہ پیش آیا تھا جب ونٹر چیری شاپنگ سینٹر کی بالائی منزل میں آگ لگی تھی۔

شاپنگ سینٹر میں آتشزدگی کے اس واقعے میں 64 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

روس کے شہر کوسٹروما میں رواں برس 6 نومبر کو پرہجوم نائٹ کلب میں آتشزدگی سے 13 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ آتشزدگی پولیگون میں بار، ریسٹورنٹ اور ڈانس فلور کے ساتھ قائم تفریحی مقام پر ہوئی، جوایک شہری کی جانب سے سیلنگ پر آتشیں بندوق سے فائر کے بعد ہوئی۔

اس سے قبل 2009 میں بھی روس کے شہر پیرم میں لیم ہارس نائٹ کلب میں آتشزدگی سے 156 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

مذکورہ واقعے کے بعد روس میں فائر سیفٹی کے حوالے سے سخت قوانین کا مطالبہ کیا گیا تھا کیونکہ ملک میں مستقل بنیاد پر آتشزدگی کے خونی واقعات رونما ہو رہے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024