• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پنجاب: محکمہ انسداد دہشت گردی کی کارروائی، 7 مشتبہ دہشت گرد گرفتار، اسلحہ برآمد

شائع December 24, 2022
آئی جی پنجاب نے صوبے بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کے احکامات جاری کیے تھے — فائل/فوٹو: ڈان
آئی جی پنجاب نے صوبے بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کے احکامات جاری کیے تھے — فائل/فوٹو: ڈان

پنجاب کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی کارروائی میں کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 7 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور دھماکاخیز مواد بھی برآمد کرلیا۔

بیان میں بتایا گیا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے 5 ڈیٹونیٹرز، 39 پمفلٹس سمیت ممنوعہ لٹریچر، اسٹیکرز اور کالعدم تنظیم کی ایک رسید بک اور 22 ہزار 870 روپے برآمد کرلیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گرفتار مشتبہ افراد سے 2 موبائل فون اور 3.8 میٹر لمبی تار بھی حاصل کرلی گئی ہے۔

سی ٹی ڈی نے بتایا کہ مشتبہ افراد صوبے کے حساس شہروں میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی میں ملوث ہیں۔

گرفتار دہشت گردوں کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آرز) بھی درج کرلی گئی ہیں۔

سیکیورٹی ہائی الرٹ

سی ٹی ڈی کی جانب سے دہشت گردوں کی گرفتاری سے ایک روز قبل ہی پنجاب کے انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی) نے صوبے بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کے احکامات جاری کیے تھے۔

انہوں نے ہدایت کی تھی کہ صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت صوبے کے تمام اضلاع، حساس اور عوامی مقامات پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات ہونے چاہئیں۔

آئی جی نے کہا تھا کہ اسپیشل برانچ اور سی ٹی ڈی کو خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں کرنی چاہیے اور جرائم پیشہ افراد کی بیخ کنی کے لیے ضلعی پولیس ٹیموں کو ممکنہ امداد فراہم کرے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دھماکے سے ایک پولیس اہلکار جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے تھے، جس کے بعد سیکیورٹی سخت کرنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے دھماکے کے بعد دو ہفتوں کے لیے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کردی تھی۔

سی ٹی ڈی پنجاب نے بیان میں بتایا کہ سی ٹی ڈی نے صوبے بھر کے مختلف شہروں میں مجموعی طور پر 433 کارروائیاں کی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024