• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

بلوچستان: لسبیلہ میں سیلنڈر دھماکے سے 8 افراد جاں بحق

شائع December 20, 2022
لسبیلہ کے ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ دھماکے کے بعد سلنڈر کی دکان میں بڑے پیمانے پر آگ لگ گئی تھی—فوٹو: اسماعیل ساسولی
لسبیلہ کے ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ دھماکے کے بعد سلنڈر کی دکان میں بڑے پیمانے پر آگ لگ گئی تھی—فوٹو: اسماعیل ساسولی

بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں سیلنڈر دھماکے کے بعد آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ لسبیلہ کی مرکزی بیلا بازار میں دکان کے اندر سیلنڈر کی ری فلنگ کے دوران دھماکا ہوا اور آگ لگ گئی۔

انہوں نے بتایا کہ آگ کے شعلوں نے دیگر دکانوں اور سیلنڈر کو اپنی لپیٹ میں لےلیا جس کے نتیجے میں قریب کھڑی درجنوں موٹر سائیکل کو شدید نقصان پہنچا۔

لسبیلہ کے ڈپٹی کمشنر مراد کاسی نے ڈان کو بتایا کہ سیلنڈر پھٹنے سے دکان کے مالک سمیت 20 افراد جھلس کر زخمی ہوئے، پولیس اور لیویز حکام فوری طور پر انہیں ہسپتال منتقل کرنے کے لیے موقع پر پہنچے تھے۔

جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت حاجی عمر، برکت رونجھا، محمد حیات، محمد اقبال، ظہور رونجھا، ہدایت اللہ، محمد یاقوب اور محمد یوسف کے نام سے ہوئی ہے۔

سول ہسپتال کراچی کی ڈاکٹر روبینہ بشیر نے بتایا کہ ’ہسپتال کے برن سینٹر میں 20 زخمی افراد لائے گئے‘۔

ڈاکٹر روبینہ کے مطابق ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، زخمی افراد کی حالت تشویش ناک ہے جن کا جسم 70 سے 90 فیصد جھلس چکا ہے۔

لسبیلہ کے ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ دھماکے کے بعد سیلنڈر کی دکان میں بڑے پیمانے پر آگ لگ گئی تھی، آگ پر قابو پانے کے لیے فائر ٹینڈرز کو طلب کیا گیا۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024