• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پاکستان میں سونے کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

شائع December 19, 2022
سونے کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی— فائل فوٹو: رائٹرز
سونے کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی— فائل فوٹو: رائٹرز

ملک میں ایک تولہ سونے کی قیمت 2 ہزار 200 اضافے کے بعد ایک لاکھ 74 ہزار 900 روپے کے بعد تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

آل سندھ صراف جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی قیمت فی تولہ 2 ہزار 200 روپے اضافے کے بعد ایک لاکھ 74 ہزار 900 روپے اور 10 گرام کی قیمت 1886 روپے بڑھ کر ایک لاکھ 49 ہزار 948 روپے تک ہو چکی ہے۔

رپورٹ کے مطابق عالمی منڈی میں سونا 3 ڈالر اضافے سے ایک ہزار 1796 ڈالر فی اونس ہوگیا ہے۔

رواں برس یکم جنوری سے اب تک سونے کی فی تولہ قیمت میں 48 ہزار 700 روپے اور 10 گرام سونے کی قیمت میں 41 ہزار 757 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

تاہم رواں برس جنوری میں یہ قیمتیں بالترتیب ایک لاکھ 26 ہزار 200 روپے اور ایک لاکھ 8 ہزار 196 روپے پر تھیں جبکہ عالمی سطح پر سونے کی قیمت تقریباً ایک ہزار 830 ڈالر فی اونس تھی۔

ڈان ڈاٹ کام سے بات کرتے ہوئے آل سندھ صراف جیولرز ایسوسی ایشن کے صدر حاجی ہارون رشید چاند نے کہا کہ مارکیٹ میں ڈالر کی قلت اور اوپن مارکیٹ کے مقابلے میں گرے مارکیٹ میں اس کی قیمت میں اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث سونے کی قیمت بڑھ رہی ہے۔

حاجی ہارون چاند نے کہا کہ ’مارکیٹ میں اصل سونے کی طلب بڑھ گئی ہے جہاں سرمایہ کار سونے میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں اور اس کو محفوظ تصور کر رہے ہیں۔

انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر اسی طرح کی صورت حال جاری رہی تو سونے کی فی تولہ قیمت دو لاکھ روپے تک پہنچ سکتی ہے۔

دریں اثنا چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ جاری ہے جہاں ایک تولہ چاندی کی قیمت 40 روپے اضافے کے بعد 2 ہزار 20 روپے اور 10 گرام چاندی کی قیمت 34.29 روپے بڑھ کر 1731 روپے ہونے کے بعد تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

شادی بیاہ کی تقریبات کے حوالے سے سونے کے سیٹوں کی فروخت تاحال تھمی ہوئی ہے کیونکہ بہت سے خاندان بدترین مہنگائی اور بھاری یوٹیلیٹی بلز سے بری طرح متاثر ہوچکے ہیں، ان کے لیے سونا خریدنا مشکل ہو چکا ہے یا پھر وہ کم وزن کے جیولری سیٹ خریدنے پر مجبور ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024