• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

مجھے گھریلو مسائل کی ویڈیوز نہیں لگانی چاہئیے تھیں، صبا فیصل کا غلطی کا اعتراف

شائع December 17, 2022
اداکارہ کے مطابق بچے غلطیاں کرتے ہیں، والدین انہیں معاف کردیا کریں—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ کے مطابق بچے غلطیاں کرتے ہیں، والدین انہیں معاف کردیا کریں—فوٹو: انسٹاگرام

سینیئر اداکارہ صبا فیصل نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں چند روز قبل اپنے گھریلو مسائل سے متعلق ویڈیوز سوشل میڈیا پر نہیں لگانی چاہیے تھیں۔

صبا فیصل نے 8 دسمبر کو بہو نیہا ملک پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے بہو اور بیٹے سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا۔

صبا فیصل نے واضح کیا تھا کہ اب ان کا اور پورے خاندان کا ان کے بیٹے سلمان سے کوئی تعلق نہیں۔

صبا فیصل نے بہو نیہا ملک پر سنگین الزامات عائد کرتےہوئے کہا تھا کہ جس بھی گھر میں نیہا ملک جیسی عورت جاتی ہے تو وہ گھر جہنم بن جاتا ہے۔

بعد ازاں انہوں نے ایک اور ویڈیو بھی انسٹاگرام پر شیئر کی تھی، جس میں انہوں نے عوام سے اپیل کی تھی کہ ان کی بہو اور ان کے حوالے سے غلط باتیں نہ کی جائیں۔

دوسری ویڈیو میں انہوں نے کہا تھا کہ انہوں نے چار سال تک اپنے دکھ اور درد کو بیان نہیں کیا اور انہوں نے اپنی شہرت، عزت اور دولت کی قیمت چکائی۔

تاہم بعد ازاں 10 دسمبر کو انہوں نے دونوں ویڈیوز ڈیلیٹ کردی تھیں اور ان کے بیٹے سلمان فیصل نے بھی لوگوں کو کہا تھا کہ وہ ان کی ذاتی زندگی پر تبصرے نہ کریں، والدہ بھی ان کی ہیں اور بیوی بھی ان کی ہیں۔

اور اب صبا فیصل نے مذکورہ معاملے پر اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ذاتی مسائل کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر نہیں لگانی چاہیے تھیں۔

اداکارہ نے یوٹیوبر نادر علی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ بچے غلطیاں کرتے ہیں مگر والدین کو ان کی غلطیاں درگزر کرنی چاہیے اور یہ کہ کبھی کسی کو اپنے گھریلو مسائل کو سوشل میڈیا پر نہیں لے کر آنا چاہیے۔

صبا فیصل نے کہا کہ سچ کہتے ہیں کہ غصہ حرام ہوتا ہے اور انہوں نے اس وقت غصے مین آکر غلطی کی لیکن وہ اس اپنی غلطی کا اعتراف کرتی ہیں اور ساتھ ہی انہوں نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ وہ مستقبل میں گھریلو مسائل کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر اپ لوڈ نہیں کریں گی۔

طویل دورانیے کے انٹرویو میں صبا فیصل نے گھریلو زندگی، خاندان اور اپنوں کی اہمیت سمیت خون کے رشتوں پر کھل کر بات کی اور کہا کہ ان کا خاندان سب سے بہترین خاندان ہے، انہیں پورے خاندان سے عزت اور محبت ملتی ہے۔

صبا فیصل نے کہا کہ جس طرح وہ اپنے والدین کی پیاری رہیں یا وہ جتنی اپنے والدین کی عزت کرتی رہی ہیں، اس سے بڑھ کر ان کے بچے ان کی عزت کرتے ہیں اور وہ انہیں اتنے ہی عزیز ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں صبا فیصل نے بتایا کہ انہوں نے خود اپنے بیٹے سلمان کو اپنی پسند سے شادی کروائی تھی اور وہ ہی اپنی بہو کو بیاہ کر لائی تھیں اور اب وہ ان کے بیٹے کے ساتھ خوش زندگی گزار رہی ہیں۔

سینیئر اداکارہ نے بتایا کہ لیکن جب خاندان بڑھتا ہے تو محبتیں بھی تقسیم ہوتی ہیں۔

صبا فیصل نے مزید بتایا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ بیوی ہی شوہر کو مشورے دے کر اسے کامیاب بھی بناتی ہے تو ناکام بھی بناتی ہے لیکن انہیں نہیں معلوم کے ان کے بیٹے اور بہو ایک دوسرے کو کتنے اور کیسے مشورے دیتے ہیں اور یہ کہ ان کے بیٹے اپنی بیوی کے مشورے مانتے ہیں کہ نہیں؟

لیکن ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ تالی ہمیشہ دو ہاتھوں سے بجتی ہیں۔

صبا فیصل نے انٹرویو میں اپنے کرداروں اور حقیقی زندگی کے درمیان مماثلت ہر بھی بات کی اور کہا کہ وہ ڈراموں میں بری ساس کے کردار ادا کرتی ہیں تو لوگ انہیں حقیقی زندگی میں بھی ایسا ہی سمجھتے ہیں۔

اداکارہ نے ایک اور سوال کے جواب میں اعتراف کیا کہ ان کے لیے شوبزنس اور سوشل میڈیا روزی کمانے کا ذریعہ ہیں، وہ انہیں استعمال کرتی رہیں گی لیکن اب وہ کسی طرح کی کوئی ذاتی ویڈیو یا پوسٹ سوشل میڈیا پر شیئر نہیں کریں گی۔

بہو میری پسند کی تھی اور اسے خود بیاہ کر لائی ہوں، اداکارہ—فوٹو: انسٹاگرام
بہو میری پسند کی تھی اور اسے خود بیاہ کر لائی ہوں، اداکارہ—فوٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024