• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

’دی مرزا ملک شو‘ کو او ٹی ٹی پلیٹ فارم سمیت ٹی وی پر بھی نشر کرنے کا اعلان

شائع December 15, 2022
دونوں کا شو 18 دسمبر سے نشر کیا جائے گا—پرومو فوٹو
دونوں کا شو 18 دسمبر سے نشر کیا جائے گا—پرومو فوٹو

اسٹریمنگ ویب سائٹ ’اردو فلکس‘ اور میوزک اسٹریمنگ ویب سائٹ ’اسپاٹی فائے‘ کی جانب سے تیار کیے جانے والے پاکستانی کرکٹر شعیب ملک اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے سلیبرٹی ٹاک شو کو او ٹی ٹی پلیٹ فارم سمیت ٹی وی پر بھی نشر کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

دونوں میاں اور بیوی کے شو ’دی مرزا ملک شو‘ کو ابتدائی طور پر صرف او ٹی ٹی پلیٹ فارم ’اردو فلکس‘ پر دکھائے جانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

تاہم اب ’دی مرزا ملک شو‘ کے تازہ ٹریلرز اور پروموز کو جاری کرتے ہوئے اسے ’ایکسپریس ٹی وی‘ پر بھی دکھانے کا اعلان کردیا گیا۔

اردو فلکس نے سلیبرٹی شو کے پروموز کو شیئر کرتے ہوئے تصدیق کی کہ شو کو آئندہ ہفتے 18 دسمبر سے ہر ہفتے اتوار کے دن او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر نشر کیا جائے گا۔

اردو فلکس نے اگرچہ شو کو ہفتہ وار نشر کرنے کا اعلان کیا، تاہم اسٹریمنگ ویب سائٹ کی جانب سے شو کو نشر کرنے کا وقت نہیں بتایا گیا۔

دوسری جانب ایکسپریس ٹی وی کی جانب سے بھی ’دی مرزا ملک شو‘ کے پروموز کو شیئر کرتے ہوئے اسے ہر اتوار کو ٹی وی پر رات 9 بجے نشر کرنے کا اعلان کیا گیا۔

دونوں کے شو کے جاری کردہ پروموز میں ان کے ساتھ مختلف شخصیات کو دیکھا جا سکتا ہے اور پروموز سے معلوم ہوتا ہے کہ ان کا شو تفریح سے بھرپور ہوگا۔

ان کے اب تک جاری کیے گئے پروموز میں ہمایوں سعید، عدنان صدیقی، فہد مصطفیٰ، یاسر حسین، اقرا عزیز، مہوش حیات، منال خان، سارہ خان اور منیب بٹ سمیت دیگر شخصیات کو دکھایا گیا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کے مذکورہ شو کو نشر کرنے کا اعلان ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب کہ گزشتہ چند ہفتوں سے ان کے درمیان اختلافات اور علیحدگی کی خبریں چل رہی ہیں اور ان پر دونوں نے واضح طور پر کوئی وضاحت بھی نہیں کی۔

دونوں اسٹارز کے درمیان علیحدگی یا طلاق کی خبریں گزشتہ ماہ شروع ہوئی تھیں۔

علیحدگی اور طلاق کی افواہیں ابتدائی طور پر بھارتی میڈیا میں شائع ہوئی تھیں اور شوبز ویب سائٹس نے مستند ذرائع کا حوالہ دیے بغیر قیاس آرائیاں کی تھیں کہ ان کے درمیان اختلافات ہوگئے۔

بعد ازاں نومبر میں ثانیہ مرزا کی سالگرہ پر شعیب ملک نے ان کے ہمراہ اپنی ایک تصویر انسٹاگرام پر پوسٹ کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی تھی۔

ان کی طلاق کی افواہوں کے درمیان ہی ان کے شو ’دی مرزا ملک شو‘ کو نشر کرنے کا اعلان کیا گیا تھا اور اب ان کے شو کو دکھانے کی تاریخ بھی بتادی گئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024