فٹ بال ورلڈکپ: فرانس نے مراکش کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی
فٹ بال ورلڈ کپ 2022 کے دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن فرانس نے مراکش کو 0-2 سے شکست دے کر چوتھی بار ورلڈکپ کے فائنل میں جگہ بنالی، جہاں اس کا مقابلہ ارجنٹینا سے ہوگا۔
یاد رہے کہ فرانس نے چوتھی بار فائنل میں جگہ بنائی ہے، فرانس 2018 اور 1998 میں ورلڈکپ کا فاتح رہا ہے جبکہ وہ 2006 میں بھی فائنل میں پہنچا تھا تاہم اسے اٹلی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
قطر کے البیت اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دوسرے سیمی فائنل میں پانچویں منٹ میں فرانس کے کھلاڑی تھیو ہرنینڈز نے پہلا گول داغ کر اپنی ٹیم کو 0-1 کی برتری دلا دی۔
تاریخ میں پہلی بار ورلڈ کپ کا سیمی فائنل کھیلنے والی مراکش کی ٹیم نے پہلے ہاف میں گول کرنے کی کوشش کی لیکن اسے کوئی کامیابی نہ مل سکی، اور پہلے ہاف کے اختتام پر فرانس کو 0-1 کی برتری حاصل تھی۔
دوسرے ہاف میں فرانس کے کھلاڑی کولوموآنی نے 79 ویں منٹ میں دوسرا گول داغ کر برتری 0-2 کرکے جیت کے امکانات روشن کردیے۔
مراکش کی ٹیم نے دوسرے ہاف میں بھی گول اسکور کرنے کی ہرممکن کوشش کی تاہم فرانس نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔
مراکش کو سپورٹ کرنے کے لیے اسٹیڈیم میں بڑے پیمانے پر مداح موجود تھے، شکست پر اسٹیڈیم میں بیٹھے متعدد مداح رو پڑے۔
واضح رہے کہ فائنل میں فرانس کا مقابلہ ارجنٹینا کے ساتھ اتوار کو کھیلا جائے گا۔
پہلے سیمی فائنل میں ارجنٹینا کی ٹیم نے یک طرفہ مقابلے کے بعد کروشیا کو 0-3 سے شکست دے کر پانچویں بار ورلڈکپ کے فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
اس سے قبل ارجنٹینا آخری بار 2014 میں نیدرلینڈز کو شکست دے کر ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچا تھا تاہم اسے فائنل میں جرمنی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، آخری بار ارجنٹینا کی ٹیم نے 1986 میں ورلڈکپ میں کامیابی حاصل کی تھی۔