• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

نورا فتیحی نے جیکولین فرنانڈس پر ’بدنام‘ کرنے کا مقدمہ دائر کردیا

شائع December 13, 2022
دونوں اداکاراؤں پر منی لانڈرنگ کے ملزم سے کروڑوں روپے کے تحفے لینے کا الزام ہے—فوٹو: انسٹاگرام
دونوں اداکاراؤں پر منی لانڈرنگ کے ملزم سے کروڑوں روپے کے تحفے لینے کا الزام ہے—فوٹو: انسٹاگرام

مراکشی نژاد بولی وڈ ڈانسر و اداکارہ نورا فتیحی نے ساتھی اداکارہ جیکولین فرنانڈس پر ’بدنام‘ کرنے کا سول مقدمہ دائر کردیا۔

بھارتی اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق نورا فتیحی نے جکولین فرنانڈس کے خلاف نئی دہلی کی مقامی عدالت میں ہتک عزت کا دعویٰ دائر کردیا۔

رپوٹ کے مطابق ڈانسر نے اپنی درخواست میں دعویٰ کیا کہ ان کا کسی بھی منی لانڈرنگ یا فراڈ کے کیس میں کوئی لینا دینا نہیں ہے، انہیں بدنام کرنے کے لیے جیکولین فرنانڈس نے ان کا نام لیا۔

درخواست میں اداکارہ و ڈانسر نے دعویٰ کیا کہ منی لانڈرنگ کیس میں نام آنے پر انہیں متعدد منصوبوں سے ہاتھ دھونا پڑا جب کہ کچھ اداروں اور برانڈز نے ان کے ساتھ کام کرنے سے بھی معذرت کی۔

درخواست میں نورا فتیحی نے جیکولن فرنانڈس کو ملزم نمبر ایک کے نام سے مینشن کرتے ہوئے ان پر الزام عائد کیا کہ اداکارہ نے ڈانسر کے خلاف نامناسب زبان بھی استعمال کی اور ان کی شہرت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔

نورا فتیحی نے درخواست میں دعویٰ کیا کہ جیکولین فرنانڈس کی جانب سے منی لانڈرنگ کیس میں ان کا نام لیے جانے کے بعد ان کا کیریئر داؤ پر لگ گیا۔

انہوں نے درخواست میں یہ اعتراف بھی کیا کہ انہوں نے ماضی میں سکیش چندرا شیکھراور ان کی اہلیہ لینا ماریہ پال سے ایک قیمتی بیگ اور آئی فون بطور تحفے میں لے چکی ہیں، اس کے علاوہ ان پر لگائے گئے تمام الزامات جھوٹے ہیں۔

نورا فتیحی کی درخواست پر عدالت نے کوئی کارروائی کیے بغیر 20 دسمبر تک سماعت ملتوی کرتے ہوئے فریقین کو دلائل کے لیے طلب کرلیا۔

خیال رہے کہ نورا فتیحی پر الزام ہے کہ انہوں نے سکیش چندرا شیکھرنامی شخص اور ان کی اہلیہ لینا ماریہ پال سے کروڑوں روپے کی مالیت کے تحفے لیے۔

ان پر الزام ہے کہ انہوں نے جس شخص سے قیمتی تحفے لیے وہ لوگوں سے فراڈ کرنے اور منی لانڈرنگ میں ملوث ہے اور اس پر 15 سے زائد مقدمات دائر ہیں۔

نورا فتیحی پر الزام ہے کہ انہوں نے ملزم سکیش چندرا شیکھرسے کروڑوں روپے کے قیمتی تحفے لے کر ٹیکس چوری اور منی لانڈرنگ کی۔

اسی کیس میں گزشتہ برس نورا فتیحی کو بھارت کی اینٹی منی لانڈرنگ فورس انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے بیانات ریکارڈ کروانے کے لیے طلب بھی کیا تھا۔

ان کی طرح جیکولین فرنانڈس پر بھی الزام ہے کہ انہوں نے بھی ملزم سکیش چندرا شیکھرسے کروڑوں روپے کے قیمتی تحفے لے کر ٹیکس چوری اور منی لانڈرنگ کی اور ان سے بھی اینٹی منی لانڈرنگ فورس متعدد بار پوچھ گچھ کر چکی ہے۔

تاہم دونوں اداکارائیں اینٹی منی لانڈرنگ فورس کو دیے گئے بیانات میں ملزم سکیش چندرا شیکھرسے کروڑوں روپے کے قیمتی تحفے لینے کے دعووں کو مسترد کر چکی ہیں۔

ملزم سکیش چندرا شیکھراور ان کی اہلیہ منی لانڈرنگ اور لوگوں سے 200 کروڑ روپے کے فراڈ کرنے کے الزام میں قید ہیں اور ان پر ایک درجن سے زائد مقدمات درج ہیں۔

دونوں میاں اور بیوی پر یہ الزامات بھی ہیں کہ وہ لوگوں سے معروف بولی وڈ اداکاراؤں کو محفل میں لانے کے نام پر بھی پیسے بٹورتے رہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024