• KHI: Asr 4:20pm Maghrib 5:56pm
  • LHR: Asr 3:35pm Maghrib 5:12pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm
  • KHI: Asr 4:20pm Maghrib 5:56pm
  • LHR: Asr 3:35pm Maghrib 5:12pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm

اداکار فردوس جمال میں کینسر کی تشخیص

شائع December 12, 2022
اداکار کا علاج شوکت خانم ہسپتال میں ہوگا، بیٹا—فوٹو: فیس بک
اداکار کا علاج شوکت خانم ہسپتال میں ہوگا، بیٹا—فوٹو: فیس بک

کم از کم 300 ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے سینیئر اداکار فردوس جمال موذی مرض کینسر میں مبتلا ہوگئے۔

فردوس جمال کے بیٹے اداکار حمزہ فردوس نے والد کے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا کہ ان کے والد میں کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔

حمزہ فردوس کے مطابق ان کے والد کا جلد ہی شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال میں علاج شروع ہوگا اور انہیں امید ہے کہ ان کے والد جلد صحت یاب ہوجائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے والد اکیلے نہیں ہیں، ان کے اہل خانہ، ان کے مداح اور ان کے دوست فردوس جمال کے ساتھ ہیں۔

حمزہ فردوس نے لکھا کہ یہ زندگی ہے اور اس میں مشکل وقت بھی آتے ہیں، اس لیے گھبرانے کی کوئی بات نہیں۔

انہوں نے لکھا کہ ان کے والد کو خطرات اور مشکلات زیادہ پسند ہیں، وہ مشکل حالات کے باوجود اداکار بنے اور ہر بار مشکلات کے بعد حالات ان کے حق میں آتے ہیں اور اس بار بھی وہ مضبوطی سے واپس آئیں گے۔

حمزہ فردوس نے مداحوں سے والد کی جلد صحت یابی سے متعلق دعا کرنے کی اپیل بھی کی۔

اگرچہ حمزہ فردوس نے والد کے کینسر میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی، تاہم انہوں نے ان کی بیماری کی سنگینی سے متعلق کوئی وضاحت نہیں کی اور نہ ہی یہ بتایا کہ وہ کس کینسر میں مبتلا ہوگئے۔

زائد العمری کے باوجود فردوس جمال کو شوبز مصروفیات میں متحرک دیکھا جاتا رہا ہے، وہ ٹی وی شوز سمیت ڈراموں میں بھی دکھائی دیتے رہے ہیں۔

فردوس جمال نے 1970 کے بعد پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پشاور سینٹر سے اداکاری کا آغاز کیا تھا اور ابتدائی طور پر انہوں نے ہندکو اور پشتو ڈراموں میں جوہر دکھائے تھے۔

ان کا شمار 1980 سے 1990 کے مقبول پی ٹی وی اداکاروں میں ہوتا ہے، انہیں ان کی شاندار اداکاری کی بدولت 1986 میں صدارتی ایوارڈ حسن برائے کارکردگی سے بھی نوازا گیا تھا۔

فردوس جمال نے کم از کم 300 ڈراموں اور 100 سے زائد تھیٹرز اور ریڈیو ڈراموں کے علاوہ 4 درجن سے زائد فلموں میں بھی کام کیا۔

فردوس جمال نے اداکاری کے علاوہ ہدایت کاری، گلوکاری اور پروڈکشن میں بھی قسمت آزمائی کی، ان کے بڑے صاحبزادے حمزہ فردوس بھی اداکار ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 4 جنوری 2025
کارٹون : 3 جنوری 2025