• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

قطر: امریکی اسپورٹس صحافی ورلڈکپ میچ کی کوریج کے دوران چل بسے

شائع December 10, 2022
— فوٹو: ٹوئٹر
— فوٹو: ٹوئٹر

امریکا کے معروف صحافی گرانٹ واہل جمعے کو قطر میں جاری فٹ بال ورلڈکپ میں میچ کور کرتے ہوئے اچانک انتقال کرگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق امریکی سوکر نے کہا کہ گرانٹ واہل کی موت کا سن کر دکھ پہنچا، ان کی اہلیہ نے ٹوئٹر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ صدمے کی کیفیت سے دوچار ہیں۔

قطر ورلڈکپ کی انتظامیہ اور سپریم کمیٹی فار ڈلیوری (ایس سی) لگیسی نے گرانٹ واہل کی ’فٹ بال سے بے انتہا محبت‘ کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کے اہل خانہ، دوستوں اور میڈیا کے ساتھیوں سے اظہار تعزیت کیا۔

گرانٹ واہل سب اسٹیک آن لائن پلیٹ فارم پر اسپورٹس کے حوالے سے لکھتے تھے، وہ قبل ازیں جمعے کو ارجنٹینیا اور نیدرلینڈز کے میچ کے حوالے سے ٹوئٹس کر رہے تھے۔

ان کے ایجنٹ ٹِم اسکین لن نے رائٹرز کو بتایا کہ کوارٹر فائنل میں ایکسٹرا ٹائم شروع ہونے کے وقت گرانٹ واہل کسی قسم کی شدید پریشانی کا شکار نظر آرہے تھے۔

ٹمِ اسکین لن نے بتایا کہ گرانٹ واہل کو ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی موت کی تصدیق کر دی گئی۔

سپریم کمیٹی نے بتایا کہ ہم امریکی سفارت خانے اور متعلقہ حکام سے رابطے میں ہیں تاکہ ان کے اہل خانہ کی خواہش کے مطابق صحافی کا جسد خاکی وطن واپس بھیجنے کا عمل یقینی بنایا جاسکے۔

قطر انٹرنیشنل میڈیا کے دفتر نے فوری طوری پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

ٹمِ اسکین لن نے بتایا کہ ہر شخص جذباتی اور بہت تکلیف میں تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ مرد اور ویمن کے فٹ بال کے حامی اور کھیل کا بہت زیادہ خیال کرتے تھے، وہ انتہائی پُرجوش اور بہترین لکھاری تھے۔

فٹ بال کی عالمی گورننگ باڈی (فیفا) کے سربراہ گیانی انفینٹینو نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گرانٹ واہل فٹ بال سے بہت پیار کرتے تھے اور ان کی رپورٹنگ کو دنیا بھر میں اس کھیل کو پسند کرنے والے یاد رکھیں گے۔

گرانٹ واہل نے نومبر کے آخر میں بتایا تھا کہ انہیں مختصر وقت کے لیے ورلڈکپ اسٹیڈیم کے سیکیورٹی پوائنٹ پر روک لیا گیا تھا، جب وہ ہم جنس پرستوں کی حمایت والی شرٹ پہن کر داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔

واضح رہے کہ قطر میں ہم جنس پرستی غیر قانونی ہے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ ورلڈکپ کی سیکیورٹی نے انہیں الریان کے احمد بن علی اسٹیڈیم میں امریکا اور ویلز کے میچ میں داخل نہیں ہونے دیا اور شرٹ اتارنے کا کہا۔

گرانٹ واہل نے پیر کو لکھا تھا کہ وہ قطر کے ہسپتال گئے تھے۔

انہوں نے سب اسٹیک پر لکھا تھا کہ مجھے کوویڈ نہیں ہے لیکن میں مرکزی میڈیا سینٹر میں طبی کلینک گیا تھا اور کلینک کا کہنا تھا کہ مجھے شاید برونکائٹس ہے۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس نے ٹوئٹر پر کہا کہ وہ گرانٹ واہل کے اہل خانہ سے رابطے میں ہیں۔

نیڈ پرائس نے کہا کہ ہم قطر کے سینئر حکام کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں تاکہ گرانٹ واہل کے اہل خانہ کی خواہش جلدی پوری ہوسکے۔

امریکی فٹ بال کمیونٹی نے خبر آنے کے بعد فوری طور پر غم کا اظہار کیا۔

فٹ بال میجر لیگ کے کمشنر ڈان گاربر نے بتایا کہ وہ مہربان اور خیال رکھنے والے شخص تھے، جنہیں فٹ بال اور صحافت سے بے پناہ لگاؤ تھا۔

دو بار ورلڈکپ کے فاتح میگن ریپونی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ یہ افسوس ناک ہے، تمام پیار ان کے اہل خانہ اور چاہنے والوں کے لیے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024