• KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:27pm

دپیکا پڈوکون لیڈی سنگھم بنیں گی

شائع December 10, 2022
سنگھم اگین کو آئندہ سال کے اختتام تک ریلیز کیے جانے کا امکان ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
سنگھم اگین کو آئندہ سال کے اختتام تک ریلیز کیے جانے کا امکان ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ کی ’ڈمپل کوئین‘ دپیکا پڈوکون سے متعلق خبر سامنے آئی ہے کہ وہ آنے والی ایکشن مصالحہ فلم ’سنگھم اگین‘ میں لیڈی پولیس افسر کے روپ میں دکھائی دیں گی۔

جی ہاں، بلاک بسٹر بولی وڈ فلم سیریز ’سنگھم‘ کے ہدایت کار روہت شیٹی نے تصدیق کی ہے کہ ان کی آنے والی تیسری ’سنگھم‘ فلم میں مرد پولیس افسر کے ساتھ خاتون پولیس افسر بھی ایکشن میں دکھائی دیں گی۔

’دی کوئنٹ‘ کے مطابق روہت شیٹی نے اپنی آنے والی ایکشن فلم ’سرکس‘ کے گانے ’کرنٹ لگا رے‘ کی تقریب رونمائی کے دوران بتایا کہ وہ آئندہ سال ’سنگھم اگین‘ کے نام سے ’سنگھم‘ سیریز کی تیسری فلم بنائیں گے، جس میں پہلی بار لیڈی پولیس افسر بھی شامل ہوں گی۔

انہوں نے تصدیق کی کہ ’سنگھم‘ سیریز کی تیسری فلم میں دیپکا پڈوکون ہی لیڈی سنگھم کے روپ میں دکھائی دیں گی۔

روہت شیٹی کے مطابق فلم میں اجے دیوگن اپنے روایتی یعنی سنگھم کے کردار میں دکھائی دیں گے جب کہ ان کے ہمراہ دپیکا پڈوکون کو لیڈی سنگھم کے روپ میں دکھایا جائے گا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کی تیسری سنگھم فلم کی شوٹنگ آئندہ سال شروع ہوگی، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ ’سنگھم اگین‘ کو کب تک ریلیز کیا جائے گا۔

روہت شیٹی کی ایکشن فلم ’سنگھم‘ کو 2011 میں ریلیز کیا گیا تھا، جس میں اجے دیوگن نے پولیس افسر کا کردار ادا کیا تھا اور اس فلم کو بہت پسند کیا گیا تھا۔

پہلی فلم کی کامیابی کے بعد سیریز کی دوسری فلم ’سنگھم رٹرنز‘ کو 2014 میں ریلیز کیا گیا تھا اور اس میں بھی اجے دیوگن ایکشن میں دکھائی دیے تھے۔

اب ہدایت کار نے 8 سال بعد سیریز کی تیسری فلم کو ریلیز کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ’سنگھم اگین‘ میں لیڈی سنگھم کا کردار بھی شامل کیا جائے گا۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ سنگھم سیریز کی تیسری فلم میں اکشے کمار کے ’سوریا ونشی‘ اور رنویر سنگھ کے ’سمبا‘ کے کردار کو بھی مختصر طور پر دکھایا جائے گا، کیوں کہ مذکورہ دونوں فلمیں بھی روہت شیٹی نے بنائی تھیں اور دونوں فلمیں پولیس افسران پر بنی ہوئی ہیں۔

روہت شیٹی کو ایکشن اور دبنگ پولیس افسران کی فلمیں بنانے کی وجہ سے کافی شہرت حاصل ہے۔

علاوہ ایں یہ خبریں بھی ہیں کہ دپیکا پڈوکون ’دھوم‘ سیریز کی چوتھی فلم میں ولن بنیں گی اور وہ بولی وڈ کی پہلی سپر ولن وویمن بنیں گی، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024