• KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:27pm

وقت نکلتا جا رہا ہے، نواز شریف جلد وطن واپس آئیں، جاوید ہاشمی

شائع November 22, 2022
جاوید ہاشمی نے نواز شریف کو جلد وطن واپسی کا مشورہ دیا — فائل فوٹو: پی پی آئی
جاوید ہاشمی نے نواز شریف کو جلد وطن واپسی کا مشورہ دیا — فائل فوٹو: پی پی آئی

ممتاز سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو مزید وقت ضائع کیے بغیر فوری وطن واپسی کا مشورہ دیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق نواز شریف گزشتہ تین سالوں سے طبی بنیادوں پر خود ساختی جلا وطنی اختیار کیے ہوئے ہیں اور رپورٹس کے مطابق پیر کو وہ اپنی بیٹی مریم نواز اور دیگر اہلخانہ کے ہمراہ سیر و تفریح کے لیے یورپ روانہ ہو گئے ہیں۔

جاوید ہاشمی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کو مزید وقت ضائع کیے بغیر وطن واپس آنا چاہیے، کسی کو اسٹیبلشمنٹ کے سامنے کھڑا ہو کر ملک کے لیے قربانی دینی چاہیے۔

انہوں نے سیاست میں اسٹیبلشمنٹ کے مبینہ کردار پر انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ملک کی خاطر اسٹیبلشمنٹ کو خود کو سیاست سے الگ کر لینا چاہیے، جس دن عوام کے ووٹ سے صحیح معنوں میں حکومت قائم ہوگئی اس دن یہ ملک ترقی کرنے لگے گا، یہ طے شدہ حقیقت ہے کہ اسٹیبلشمنٹ حکومت بناتی اور توڑتی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف حکومت بھی اسٹیبلشمنٹ کی مدد سے بنائی گئی۔

انہوں نے توشہ خانہ سے تحائف لینے والوں کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ صدور، سابق وزرائے اعظم اور دیگر کو توشہ خانہ سے تحائف لینے کی ضرورت کیوں محسوس ہوتی ہے، توشہ خانہ سے تحائف لینے والوں کو قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔

پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ن) کا حصہ رہنے والے سابق رہنما نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ ہی عمران خان کو اقتدار میں لے کر آئی اور پھر اقتدار واپس لے لیا، نواز شریف اور عمران خان دونوں نے اسٹیبلشمنٹ سے ٹکر لی لیکن ایک سیاستدان کو اپنا کردار بھی مضبوط کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں عمران خان سے کوئی مسئلہ نہیں تھا، وہ عمران خان کی پارٹی کا حصہ بنے تھے لیکن بعد میں پی ٹی آئی چیئرمین اسٹیبلشمنٹ کے ہاتھوں کی کٹھ پتلی بن گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024