• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

فرحان سعید کا عروہ حسین سے ہاتھ ملانے سے انکار

شائع November 21, 2022
دونوں کے درمیان دو سال سے علیحدگی اور طلاق کی چہ مگوئیاں ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
دونوں کے درمیان دو سال سے علیحدگی اور طلاق کی چہ مگوئیاں ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

گلوکار و اداکار فرحان سعید نے عروہ حسین سے اپنے ازدواجی تعلقات کو ثابت کرنے یا نہ کرنے سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں اداکارہ کے ساتھ ہاتھ ملانے سے انکار کردیا۔

دونوں کے درمیان گزشتہ دو سال سے طلاق کی چہ مگوئیاں ہیں، تاہم تاحال دونوں نے اس حوالے سے کوئی تصدیق یا واضح تردید نہیں کی۔

فرحان سعید اور عروہ حسین کے درمیان نومبر 2020 میں ابتدائی طور پر اختلافات، بعد ازاں علیحدگی اور پھر طلاق کی خبریں سامنے آئی تھیں اور تب سے لے کر اب تک دونوں کو ایک ساتھ نہیں دیکھا گیا تھا لیکن گزشتہ ماہ 18 اکتوبر کو دونوں کو ’ٹچ بٹن‘ فلم کی پروموشن کے دوران اکٹھے دیکھا گیا۔

اگرچہ دونوں فلم کی پروموشن میں ایک ساتھ تھے لیکن دونوں کو ایک دوسرے سے محتاط رویہ اختیار کرتے دیکھا گیا، جس وجہ سے ان کے درمیان اختلافات کی چہ مگوئیاں بھی ہوئیں۔

اس سے قبل دونوں نے مارچ 2021 میں فلم ساز قاسم علی مرید کی شادی میں شرکت کی تھی مگر دونوں کو الگ الگ دیکھا گیا تھا اور انہوں نے کوئی گفتگو نہیں کی تھی۔

جب کہ رواں ماہ نومبر میں عروہ حسین نے ایک انٹرویو میں بھی فرحان سعید سے طلاق کے معاملے پر وضاحت کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان دونوں کے درمیان چاہے کچھ بھی ہو جائے، وہ ایک دوسرے کی عزت کرتے رہیں گے۔

اور اب ایک بار پھر دونوں نے طلاق کے معاملے پر واضح طور پر کوئی موقف دینے کے بجائے مبہم انداز سے مداحوں کو مزید تشویش میں مبتلا کردیا۔

ہوا کچھ یوں کہ فرحان سعید اور عروہ حسین نے لاہور میں اپنی فلم ’ٹچ بٹن‘ کی تہشیری تقریب میں ایک ساتھ شریک ہوئے، جہاں دونوں نے فلم کی کہانی اور بجٹ پر کھل کر باتیں کیں۔

پریس کانفرنس کے دوران فرحان سعید اور عروہ حسین کو ایک ساتھ بیٹھا دیکھا گیا اور دونوں بظاہر انتہائی خوش دکھائی دیے۔

پریس کانفرنس کے دوران ایک صحافی نے فرحان سعید سے عروہ حسین سے اختلافات کی وضاحت کا مطالبہ کرتے ہوئے ان سے اداکارہ سے ہاتھ ملانے کی فرمائش کردی۔

صحافی نے فرحان سعید کو کہا کہ اگر ان کے اور عروہ حسین کے معاملات ’ٹچ‘ ہیں تو وہ ایک دوسرے سے ہاتھ ملا کر دکھائیں؟

صحافی کے سوال پر فرحان سعید نے مسکراتے ہوئے صحافی کا مکمل نام لیے بغیر ان کا دوسرا نام لے کر انہیں تین بار کہا ’ٹھاکر صاحب، ٹھاکر صاحب، ٹھاکر صاحب‘ جس پر صحافی خاموش ہوگئے۔

فرحان سعید کی جانب سے صحافی کو کرارا ار دلچسپ جواب دیے جانے پر وہاں موجود افراد نے قہقہہ لگایا جب کہ سوشل میڈیا پر بھی اداکار کی تعریفیں کی گئیں اور لوگوں نے صحافی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صحافی کو ذاتی نہیں بلکہ پروفیشل سوالات کرنے چاہیے تھے۔

خیال رہے کہ آنے والی فلم ’ٹچ بٹن‘ کو آئندہ ہفتے ریلیز کیا جائے گا، مذکورہ فلم عروہ حسین کی بطور پروڈیوسر پہلی فلم ہے، جس میں فیروز خان اور سونیا حسین نے بھی اداکاری کی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024