• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:32pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:32pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

’مولا جٹ‘ نے کمائی کے کئی نئے ریکارڈ بنا کر بھارتی فلموں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا

شائع November 15, 2022
فلم نے کمائی کے کئی نئے ریکارڈ بنا ڈالے—اسکرین شاٹ
فلم نے کمائی کے کئی نئے ریکارڈ بنا ڈالے—اسکرین شاٹ

گزشتہ ماہ 13 اکتوبر کو ریلیز ہونے والی پاکستانی پنجابی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ نے کمائی کے کئی نئے ریکارڈ بناتے ہوئے بھارتی فلموں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

ہدایت کار بلال لاشاری اور پروڈیوسر عمارہ حکمت کی فلم ابتدائی 10 میں 100 کروڑ روپے کمانے والی پہلی پاکستانی فلم بھی بنی تھی جب کہ اس نے گزشتہ ماہ ہی بولی وڈ اداکار اجے دیوگن کی فلم ’تھینک گاڈ‘ اور اکشے کمار کی فلم ’رام سیتو‘ کو ایک دن کی کمائی میں عالمی سینما میں پیچھے چھوڑ دیا تھا۔

اب ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ نے کمائی کا ایک نیا اعزاز اپنے نام کرتے ہوئے برطانیہ کی باکس آفس میں اب تک 13 لاکھ پاوٌنڈ کی کمائی کرکے بھارتی فلموں کو بھی وہاں پر کمائی میں پیچھے چھوڑ دیا۔

شوبز ویب سائٹ ’اسکرین ڈیلی‘ کے مطابق پاکستانی فلم برطانوی باکس آفس پر ریکارڈ کمائی کرنے والی برصغیر کی پہلی فلم بن گئی۔

ماہرہ خان، فواد خان، حمزہ علی عباسی اور حمیمہ ملک کی فلم نے اب تک برطانوی سینماؤں سے پاکستانی 35 کروڑ روپے تک کی کمائی کرلی ہے جو کہ ایک منفرد ریکارڈ بھی ہے۔

آج تک کوئی بھی پاکستانی یا بھارتی فلم صرف برطانوی سینماؤں سے اتنی کمائی نہیں کرسکی۔

مذکورہ اعزاز حاصل کرنے سے قبل ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ نے گزشتہ ہفتے دنیا بھر سے 78 لاکھ ڈالر کی ریکارڈ کمائی کرکے سب سے زیادہ پیسے کمانے والی پنجابی فلم کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔

آج تک پاکستان یا بھارت کی کوئی بھی پنجابی زبان کی فلم اتنی ریکارڈ کمائی نہیں کر سکی، البتہ متعدد دیگر بھارتی فلموں کی کمائی اس سے زیادہ ہے۔

’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ نے 10 نومبر تک یعنی تقریبا ایک ماہ کے دوران پاکستان سمیت دنیا بھر سے 170 کروڑ روپے کی ریکارڈ کمائی کی تھی۔

’مولا جٹ‘ اب پاکستان کی ریکارڈ اور سب سے زیادہ کمائی کرنے والی پہلی فلم بن گئی، اس سے قبل متعدد پاکستانی فلموں کی مجموعی کمائی 50 سے 70 کروڑ روپے کے درمیان ہی رہی ہے۔

یہ فلم 1979 میں ریلیز ہونے والی ’مولا جٹ‘ کا نیا ورژن ہے، جس میں حمزہ علی عباسی، فواد خان، ماہرہ خان اور حمیمہ ملک سمیت دیگر افراد نے کام کیا، اس کی ہدایات بلال لاشاری نے دیں جب کہ اسے عمارہ حکمت نے پروڈیوس کیا۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024