امریکا: ورجینیا یونیورسٹی میں فائرنگ، 3 طلبہ ہلاک
امریکی ریاست ایڈاہو اور ورجینیا میں 2 یونیورسٹی کیمپسز میں پرتشدد واقعات میں 7 طلبہ جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک حملہ آور تاحال مفرور ہے۔
ڈان اخبار میں شائع خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق واشنگٹن سے تقریباً 100 میل (160 کلومیٹر) جنوب مغرب میں واقع ورجینیا یونیورسٹی میں فائرنگ کے واقعے میں میں 3 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہو گئے، پولیس کی جانب سے واقعے میں مبینہ طور پر ملوث طالب علم کی تلاش جاری ہے۔
ورجینیا یونیورسٹی کے آفس آف ایمرجنسی مینجمنٹ نے ٹوئٹ میں بتایا کہ شارلٹس وِل میں واقع ورجینیا یونیورسٹی کے کیمپس کو بند کردیا گیا ہے، جبکہ ہیلی کاپٹر اور پولیس کے ذریعے مسلح حملہ آور کی تلاش جاری ہے۔
سربراہ ورجینیا یونیورسٹی جم ریان نے ایک بیان میں کہا کہ کیمپس میں فائرنگ کا شبہ کرسٹوفر ڈارنل جونز جونیئر کے نام سے شناخت کیے جانے والے یونیورسٹی کے ایک طالب علم پر کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہماری کمیونٹی میں شامل ہر ایک فرد کے لیے ایک تکلیف دہ واقعہ ہے، ہم نے آج کے لیے کلاسز بھی منسوخ کر دی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ واقعے کے نفسیاتی اثر سے نکلنے کے لیے طلبہ اور فیکلٹی کو معاونت فراہم کی جائے گی۔
ریاست ورجینیا کے گورنر گلین ینگکن نے کہا کہ ریاستی افسران کیمپس پولیس ڈپارٹمنٹ اور مقامی حکام کے ساتھ ہم تعاون کر رہے ہیں، جب تک حکام مشتبہ شخص کو تلاش کر رہے ہیں اس وقت تک آپ محفوط پناہ گاہوں میں ٹھہرے رہیں’۔
دوسری جانب ریاست ایڈاہو میں پولیس ایک علیحدہ واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے جس میں 4 طلبہ یونیورسٹی آف ایڈاہو کیمپس کے قریب ایک گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے۔
پولیس افسران کو ایڈاہو یونیورسٹی کے قریب ایک بے ہوش شخص کے موجود ہونے کی اطلاع ملی، جائے وقوع پر پہنچنے پر پولیس افسران کو 4 طلبہ مردہ حالت میں پائے گئے۔
سربراہ یونیورسٹی آف ایڈاہو اسکاٹ گرین نے ایک بیان میں کہا کہ ’گہرے دکھ کے ساتھ آپ کو یہ اطلاع دے رہا ہوں کہ آج کیمپس سے باہر رہائش پذیر 4 طلبہ کی موت کی اطلاع ملی ہے۔‘
دریں اثنا پولیس کی جانب سے اوکلینڈ یونیورسٹی کے کیمپس میں 2 مسلح مشتبہ افراد کی تلاش جاری ہے، یونیورسٹی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری ایک بیان میں اس پیش رفت کی اطلاع دیتے ہوئے طلبہ اور اساتذہ کو کیمپس سے دور رہنے کی تاکید کی گئی۔