• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022 کا کراچی ایکسپو سینٹر میں آغاز

شائع November 15, 2022
آئیڈیاز 2022ء میں نمائش کے لیے موجود الضرار ٹینک اور دیگر بکتر بند گاڑیاں— تصویر: وائٹ اسٹار
آئیڈیاز 2022ء میں نمائش کے لیے موجود الضرار ٹینک اور دیگر بکتر بند گاڑیاں— تصویر: وائٹ اسٹار
آئیڈیاز نمائش میں موجود جے ایف 17 تھنڈر طیارہ— تصویر: اے ایف پی
آئیڈیاز نمائش میں موجود جے ایف 17 تھنڈر طیارہ— تصویر: اے ایف پی
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022 کا آج سے کراچی ایکسپو سینٹر میں آغاز ہوگیا جہاں افتتاحی تقریب سے مہمان خصوصی وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے بھی خطاب کیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دفاعی نمائش سے خطاب کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، بیرون ملک سے آئے مہمانوں کو خوش آمدید کہتا ہوں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی میں خود انحصاری کی ہماری منزل کی جانب ایک اہم قدم ہے، جدید ٹیکنالوجی اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا استعمال ترقی کی طرف بہت معاون ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل چکا ہے، حکومت ملک کو معاشی چیلنجز سے نکالنے کے لیے کام کر رہی ہے اور اتحادی حکومت بہت سے چیلنجز سے نبردآزما ہے، ملک کو معاشی چیلنجز سے نکالنے کے لیے بھرپور کام کر رہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دنیا میں امن کے لیے کام کیا اور کرتا رہے گا، خارجہ پالیسی کے تحت دوسرے ممالک سے تعلقات بہتر کر رہے ہیں، مسئلہ کشمیر کا پرامن حل خطے کی بہتری کے لیے اہم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات سے شدید متاثر ہوا، حالیہ سیلاب سے لاکھوں افراد متاثر ہوئے۔

نمائش آئیڈیاز عالمی دفاعی مارکیٹ میں اہم حیثیت اختیار کرگئی ،وزیراعظم

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دفاعی نمائش’ آئیڈیاز’ عالمی دفاعی مارکیٹ میں اہم پلیٹ فارم کی حیثیت اختیار کرگئی ہے۔

ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ برسوں کے دوران دفاعی نمائش آئیڈیاز ایک ایسے اہم پلیٹ فارم کی حیثیت اختیارکر گئی ہے جس سے عالمی دفاعی مارکیٹ میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی پیشرفت اجاگر ہوتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022 کا موضوع ’امن کےلئے ہتھیار پاکستان کی امن و سلامتی کی خواہش‘ کامظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ خوشی کی بات ہے کہ ہمارا دفاعی شعبہ ٹیکنالوجی کے موجودہ دور کے تقاضوں کے عین مطابق ہے۔

ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن (ڈیپو) کے مطابق 18 نومبر تک جاری رہنے والی 4 روزہ نمائش میں دنیا کے 64 ممالک اپنی مصنوعات کے ساتھ شریک ہوں گے، رواں سال کے آئیڈیاز میں پاکستان سمیت 51 ممالک کے 285 وفود بھی شریک ہو رہے ہیں۔

سال 2000 میں پہلی بار انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزیبیشن اینڈ سیمینار (آئیڈیاز) کا آغاز کیا گیا تھا اور تب سے اب تک اس کا انعقاد مستقل بنیادوں پر ہورہا ہے۔

ملک کی سب سے بڑی دفاعی نمائش کی میزبانی کے لیے کراچی کا انتخاب ہوا، 11ویں آئیڈیاز 15 سے 18 نومبر تک منعقد کی جارہی ہے جو خطے میں دفاعی ساز و سامان کی نمائش کا سب سے بڑا فورم بن گیا ہے۔

آئیڈیاز میں اسلحے کی صنعت سے متعلق مقامی اور غیر ملکی کمپنیوں اور ڈیلرز کو اپنی مصنوعات اور خدمات کو اجاگر کرنے کا موقع ملتا ہے، یہی نہیں بلکہ یہاں دفاعی پیداوار سے متعلق مشترکہ منصوبے، آوٹ سورسنگ اور تعاون پر تبادلہ خیال کے مواقع بھی موجود ہوتے ہیں۔

آئیڈیاز 2022 ایسے وقت میں منعقد ہورہی ہے جب دنیا میں سیاسی، تجارتی اور دفاعی سطح پر نئے بلاک ابھر رہے ہیں۔

امریکا اور چین کے درمیان تجارتی کشمکش، جنوبی بحیرہ چین میں کشیدگی اور پھر اس سال یوکرین پر روسی حملے نے ایشیائی خطے کے ساتھ ساتھ یورپ میں بھی سلامتی کے خطرات کو بڑھا دیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا میں اس وقت دفاعی اخراجات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل ڈیفنس پرموشن آرگنائزیشن (ڈیپو) میجر جنرل عارف ملک، ہلال امتیاز (ملٹری) کا کہنا تھا کہ ’آئیڈیاز دراصل دفاعی سفارتکاری کا ایک بڑا اور اہم موقع ہوتا ہے، یہ نمائش عالمی برادری کے سامنے پاکستان کو ایک جدید، ترقی یافتہ اور پُرامن بقائے باہمی پر یقین رکھنے والی ریاست کے طور پر اجاگر کرنے کا بھی موقع فراہم کرتی ہے، اس سال 106 ممالک کو آئیڈیاز میں شرکت کے لیے مدعو کیا گیا ہے جن میں آسٹریا اور رومانیہ پہلی مرتبہ شریک ہوں گے‘۔

اس سال کے سمینار کا موضوع دفاعی شعبے میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس ہے، اس ٹیکنالوجی سے دفاعی شعبے میں ایک کلیدی تبدیلی ممکن ہے، اس سیمینار میں وزرا، وزارتِ دفاع کے اعلیٰ حکام، دفاعی ٹیکنالوجی سے متعلق ادارے، شعبے کی تدریس سے متعلق افراد، محققین اور دفاعی تجزیہ کار شرکت کر رہے ہیں۔ اس سیمینار میں پاکستانی جامعات کے 6 مقالے بھی پیش کیے جائیں گے۔

آئیڈیاز کا سال 2000 میں پہلی مرتبہ انعقاد کیا گیا اور تب سے اب تک ہر نمائش میں ملکی اور غیر ملکی دفاعی صنعت کی کمپنیوں کی شرکت بڑھ رہی ہے، پہلی آئیڈیاز میں شامل کمپنیوں کی تعداد 100 سے کچھ زائد تھی جو 2018 میں بڑھ کر 500 سے زائد ہوگئی تھی، اس نمائش میں افریقہ، امریکا، ایشیائی ممالک، وسطی ایشیائی ممالک، یورپ اور مشرق وسطیٰ کے ممالک بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔

آئیڈیاز میں پاکستان مقامی طور پر تیار ہونے والے ہمہ جہت جنگی ہتھیاروں کی نمائش کرتا ہے، ان میں فضائی جنگ کے لیے تیار کردہ جے ایف 17 تھنڈر کے علاوہ لڑاکا پائلٹس کی تربیت کے لیے مشاق، سپر مشاق اور کے 8 طیارے بھی نمائش کے لیے پیش کیے جاتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024