• KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

شو چھوڑ جانے کے بعد فاطمہ سہیل سے بات کی تو وہ رو پڑیں، رابعہ انعم

شائع November 14, 2022 اپ ڈیٹ November 15, 2022
فوٹو: ٹوئٹر
فوٹو: ٹوئٹر

ٹی وی میزبان رابعہ انعم نے کہا ہے کہ جب انہوں نے کچھ دن قبل ندا یاسر کا شو چھوڑا تھا تو وہاں سے نکلنے کے بعد سب سے پہلے انہوں نے فاطمہ سہیل کو فون کیا تھا، جس پر وہ ان کے ساتھ بات کرتے وقت رو پڑی تھیں۔

رابعہ انعم 8 نومبر کو ندا یاسر کے مارننگ شو سے اٹھ کر چلی گئی تھیں، ان کے ساتھ پروگرام میں اداکارہ فضا علی اور محسن عباس حیدر بھی مہمان تھے۔

رابعہ انعم نے پروگرام کو چھوڑ کر جانے سے قبل ندا یاسر، اے آر وائے چینل اور پروگرام کے پروڈیوسرز سے معافی بھی مانگی اور کہا کہ انہیں معلوم نہیں تھا کہ پروگرام کے دوسرے مہمان کون ہیں۔

پروگرام چھوڑنے سے قبل رابعہ انعم نے ندا یاسر کو بتایا کہ انہوں نے گھریلو تشدد کے خلاف کھڑے ہونے کا عزم کیا ہے اور وہ اس حوالے سے آواز بھی بلند کرتی آ رہی ہیں، جس وجہ سے آج ان کا پروگرام میں بیٹھنا انہیں مناسب نہیں لگ رہا۔

انہوں نے کہا کہ اگر وہ پروگرام میں شریک رہیں تو ان کی تمام کاوشیں ختم ہوجائیں گی، اس لیے وہ مزید اس پروگرام کا حصہ نہیں رہنا چاہتیں، کیوں کہ وہ گھریلو تشدد کے خلاف اٹھائی گئی اپنی آواز کو کم نہیں دیکھنا چاہتیں۔

یہ بھی پڑھیں: ندا یاسر کا براہ راست شو چھوڑ جانے پر رابعہ انعم کی تعریفیں

رابعہ انعم کے مذکورہ عمل پر جہاں ان کی تعریفیں کی گئی تھیں، وہیں بعض شخصیات اور افراد نے ان پر تنقید کرتے ہوئے یہ بھی کہا تھا کہ انہیں کوئی حق نہیں کہ وہ براہ راست ٹی وی پر کسی کی تضحیک کریں، اگر انہیں مسئلہ تھا تو وہ پروگرام میں ہی شرکت نہ کرتیں۔

رابعہ انعم نے واضح طور پر محسن عباس حیدر کا نام نہیں لیا تھا لیکن شو سے نکلنے کے بعد انہوں نے ان کی سابق اہلیہ فاطمہ سہیل سے فون پر بات کرنے کی تصدیق کی اور بتایا کہ فون پر بات کرتے وقت دونوں رو پڑی تھیں۔

سابق نیوز اینکر نے لوگوں کی تنقید اور تعریف کے بعد اپنی ٹوئٹس میں ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے ان کے قدم کی تعریف کی۔

انہوں نے لکھا کہ ممکن ہے کہ ان کی چھوٹی سے کوشش بھی بڑا کام کر جائے اور بیویوں پر تشدد کرنے والے یا خواتین کو ہراساں کرنے والے آئندہ ایسا کام کرنے کی جرأت نہ کریں۔

انہوں نے امید کی کہ ان کے قدم کے بعد کوئی ایسے افراد کو ہیرو بننے کا موقع فراہم نہیں کرے گا، جو اپنی غلطیوں کی معافی نہیں مانگتے اور ان کے تشدد کا شکار افراد پوری زندگی ذہنی اذیت کا شکار رہتے ہیں۔

رابعہ انعم نے اپنی ایک اور ٹوئٹ میں بتایا کہ شو چھوڑ جانے کے بعد پوری دنیا سے مرد و خواتین نے انہیں ذاتی پیغامات بھیج کر جہاں ان کے قدم کی تعریف کی، وہیں انہوں نے اپنی کہانیاں بھی ان کو بھیجیں، جنہیں پڑھ کر وہ آبدیدہ ہوگئیں۔

انہوں نے پیغامات بھیجنے اور تعریفیں کرنے والے افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ شو چھوڑ کر نکلنے کے بعد انہوں نے سب سے پہلا کام محسن عباس حیدر کی سابق اہلیہ اداکارہ فاطمہ سہیل سے فون پر بات کرکے کیا۔

مزید پڑھیں: رابعہ انعم کے شو چھوڑنے پر بھی متعدد شخصیات نالاں

رابعہ انعم نے بتایا کہ فاطمہ سہیل سے بات کرتے وقت وہ دونوں اشکبار ہوگئیں۔

ان کی ٹوئٹس پر بھی بہت سارے لوگوں نے ان سے سوالات کیے اور پوچھا کہ جب انہیں معلوم تھا کہ شو میں محسن عباس حیدر مہمان ہوں گے تو وہ اس کا حصہ کیوں بنیں؟

اس پر انہوں نے جواب دیا کہ انہیں پہلے نہیں بتایا گیا تھا اور دوسری بات یہ کہ شاید سب لوگوں کے لیے یہ ایک عام بات تھی، کیوں کہ وہ اس سے پہلے بھی متعدد ٹی وی پروگرامات میں شریک ہوچکے تھے۔

خیال رہے کہ ماضی میں اداکار محسن عباس حیدر پر ان کی سابق اہلیہ اداکارہ فاطمہ سہیل نے ان پر 2018 میں بدترین گھریلو تشدد کے الزامات لگانے کے بعد ان سے خلع لے لی تھی۔

محسن عباس حیدر اور فاطمہ سہیل نے 2015 میں شادی کی تھی اور ان کا ایک بیٹا بھی ہے جو اب والدہ کے ساتھ رہتا ہے۔

سابق اہلیہ کی جانب سے تشدد کے الزامات لگائے جانے کے بعد محسن عباس حیدر پر شوبز شخصیات نے بھی تنقید کرتے ہوئے ان پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا تھا جب کہ متعدد اداروں نے کچھ وقت کے لیے ان کے ساتھ کام کرنے سے بھی معذرت کرلی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024