• KHI: Asr 4:15pm Maghrib 5:51pm
  • LHR: Asr 3:29pm Maghrib 5:06pm
  • ISB: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm
  • KHI: Asr 4:15pm Maghrib 5:51pm
  • LHR: Asr 3:29pm Maghrib 5:06pm
  • ISB: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm

علیحدگی کی خبروں کے درمیان شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کے شو کا اعلان

شائع November 14, 2022
شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے 13 سال قبل اپریل 2010 میں شادی کی تھی— فائل فوٹو: اردو فلیکس
شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے 13 سال قبل اپریل 2010 میں شادی کی تھی— فائل فوٹو: اردو فلیکس

ایک طرف بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کے درمیان علیحدگی کی افواہیں گردش کر رہی ہیں تو اسی دوران دونوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ اردو فلیکس میں جلد ایک ساتھ ٹاک شو کرتے دکھائی دیں گے۔

بھارتی اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ کی رپورٹ کے مطابق اردو فلیکس نے جلد ہی ’دی مرزا ملک شو‘ کے آن ائیر ہونے کا اعلان کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے علیحدگی کا فیصلہ کرلیا، بھارتی میڈیا کا دعویٰ

یاد رہے کہ گزشتہ کچھ ہفتوں سے افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کے درمیان علیحدگی ہوچکی ہے، تاہم دونوں اسٹارز نے خبروں کی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔

سوشل میڈیا بلاگنگ سائٹ انسٹاگرام پر اردو فلیکس نے اپنی پوسٹ میں ’دی مرزا ملک شو‘ کے جلد آن ایئر ہونے کا اعلان کیا ہے جو جلد ہی او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر نشر ہوگا۔

دوسری جانب سوشل میڈیا میں صارفین تبصرہ کر رہے ہیں کہ علیحدگی کی خبریں جھوٹی یا تشہیر ہوسکتی ہیں۔

ایک اور صارف نے ٹوئٹر پر پوچھا کہ کیا علیحدگی کی خبر صرف ایک شو کے لیے تشہیر تھی؟

تاہم متعدد سوشل میڈیا صارفین نے شو کے اعلان پر خوشی کا اظہار کیا ہے، ایک صارف نے لکھا کہ ’دی مرزا ملک شو‘ کا سن کر اچھا لگا، دونوں کی جوڑی سلامت رہے، دوسرے صارف نے لکھا کہ شاید علیحدگی سے پہلے شو ریکارڈ کیا گیا ہو اور دونوں کی جانب سے علیحدگی کی تصدیق بھی نہیں کی گئی۔

خیال رہے کہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے 13 سال قبل اپریل 2010 میں شادی کی تھی، شادی کے بعد بھی دونوں کھلاڑی اپنے اپنے ملک کے لیے کھیلتے ہیں۔

شادی کے بعد دونوں نے مشترکہ طور پر دبئی میں رہنے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم دونوں نے کئی دن بھارت اور پاکستان میں بھی ایک ساتھ گزارے تھے۔

شادی کے 8 سال بعد 30 اکتوبر 2018 کو ان کے ہاں پہلے بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ثانیہ مرزا و شعیب ملک ٹاک شو کرنے کو تیار

خیال رہے کہ سب سے پہلے 6 دسمبر 2021 میں خبر سامنے آئی تھی کہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا ایک ساتھ شو کرنے والے ہیں۔

سوشل میڈیا بلاگنگ سائٹ انسٹاگرام میں پوسٹ کرتے ہوئے شعیب ملک نے دبئی میں ہونے والی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ وہ دونوں جلد ہی ایک ٹاک شو شروع کرنے جارہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ثانیہ مرزا نے بتایا کہ ان کے شو کا دورانیہ ایک گھنٹہ ہوگا اور شو مزاح سے بھرپور ہوگا، جس میں مہمانوں کو اپنے تجربات شیئر کرنے کا موقع بھی ملے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ان کا شو ایک طرح سے ’کپل شرما شو‘ جیسا ہوگا، تاہم ان کے شو کی تھیم ان سے کچھ مختلف ہے۔

ایک سوال کے جواب میں شعیب ملک نے ہنستے ہوئے کہا کہ وہ کب سے اسکرین پر آنے کو ترس رہے تھے اور اب جب انہیں موقع مل رہا ہے تو وہ دوسروں کو ترسائیں گے۔

پریس کانفرنس کے دوران اردو فلیکس کے بانی فرحان گوہر نے بتایا تھا کہ ’مرزا، ملک شو‘ میں دونوں ممالک یعنی پاکستان اور بھارت کے مہمانوں کو مدعو کیا جائے گا اور پروگرام کا سیٹ دبئی میں ہوگا اور مذکورہ شو خطے کا سب سے بڑا شو ہوگا۔

انہوں نے بھی امید ظاہر کی کہ ’مرزا، ملک شو‘ کو پاکستان اور بھارت میں یکساں طور پر پسند کیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024