برطانیہ کے بادشاہ چارلس کو انڈے مارنے والا نوجوان گرفتار

شائع November 9, 2022
پولیس کے مطابق 23 سالہ نوجوان کو حراست میں لیا گیا ہے—فوٹو: رائٹرز
پولیس کے مطابق 23 سالہ نوجوان کو حراست میں لیا گیا ہے—فوٹو: رائٹرز

برطانوی پولیس نے بادشاہ چارلس اور ان کی اہلیہ کمیلا پر انڈے پھینکنے پر ایک نوجوان کو گرفتار کرلیا ہے جہاں وہ مشرقی انگلینڈ میں ایک تقریب میں شریک تھے۔

خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق برطانوی بادشاہ اپنی اہلیہ کے ہمراہ یارک میں روایتی تقریب میں شرکت کے لیے پہنچے تو ان پر 4 انڈے مارے گئے اور ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اس واقعے کے باوجود بادشاہ اور ان کی اہلیہ بدستور تقریب میں شریک ہوئے۔

—فوٹو: اے ایف پی
—فوٹو: اے ایف پی

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس افسران فوری طور پر احتجاج کرنے والے نوجوان کے پاس پہنچے تو وہ نعرے لگا رہا تھا اور ہجوم میں موجود دیگر افراد نوجوان پر طنز کر رہے تھے اور بادشاہ کی سلامتی کے لیے زور زور سے دعائیں مانگ رہے تھے۔

پولیس نے بیان میں کہا کہ ایک 23 سالہ نوجوان کو یارک کے علاقے مکلی گیٹ میں پیش آنے والے واقعے کے بعد امن و امان میں خلل ڈالنے کے شبہے میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ نوجوان اس وقت پولیس کی حراست میں ہے۔

رواں برس ستمبر میں ملکہ ایلزبیتھ کے انتقال کے بعد بادشاہت سنبھالنے والے چارلس دو روزہ دورے پر مشرقی انگلینڈ میں موجود ہیں اور اس واقعے کے بعد اپنی آنجہانی والدہ کے مجسمے کی رونمائی بھی کی جو ان کی 70 سالہ بادشاہت کے جشن کے سلسلے میں تیار کیا گیا تھا۔

تقریب میں بادشاہ چارلس نے کہا کہ ہم اس وقت برے صدمے میں ہیں اور یہ مجسمہ ان کی یاد میں اور اپنے دور حکمرانی میں انہوں نے جو خدمات انجام دی ہیں ان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ہے۔

—فوٹو: اے ایف پی
—فوٹو: اے ایف پی

رپورٹ کے مطابق یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ بادشاہ پر انڈے مارے گئے ہوں بلکہ 2022 میں ہی ملکہ ایلزبیتھ کی شاہی کار پر بھی انڈے پھینکے گئے تھے، اس وقت آنجہانی ملکہ برطانیہ وسطی انگلینڈ کے علاقے نوٹنگھم کے دورے پر تھی۔

اس کے علاوہ 1995 میں وسطی ڈبلن میں چارلس پر برطانیہ مخالف مظاہرین نے انڈے مارے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 2 جنوری 2025
کارٹون : 1 جنوری 2025