• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

بلڈ کینسر کے لیے تیار کی گئی دوا مطلوبہ نتائج فراہم کرنے میں ناکام

شائع November 8, 2022
فوٹو: شٹر اسٹاک
فوٹو: شٹر اسٹاک

برطانوی دوا ساز کمپنی ’گلیکسو اسمتھ کلائن‘ (جی ایس کے) نے واضح کیا ہے کہ ان کی جانب سے بلڈ کینسر کے علاج کے لیے تیار کی گئی دوائی مطلوبہ اور حوصلہ افزا نتائج دینے میں ناکام رہی۔

مذکورہ دوا ساز کمپنی نے چند سال قبل ’بلینریپ‘ (Blenrep) نامی دوا تیار کی تھی، جس کا آخری مرحلے کا ٹرائل جاری تھا اور مذکورہ دوائی کو امریکا اور یورپین یونین (ای یو) کی ڈرگ ریگولیٹری اداروں نے ہنگامی طور پر استعمال کرنے کی منظوری بھی دی تھی۔

تاہم اب کمپنی نے بتایا ہے کہ دوائی جاری اہم ترین ٹرائلز میں اس کے نتائج حوصلہ بخش نہیں یا وہ اس معیار پر پورا نہیں اترے، جس کی توقع کی جا رہی تھی۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق دوا ساز کمپنی نے بیان میں بتایا کہ دوائی کے ٹرائل کے نتائج اور ڈیٹا کو برطانوی محکمہ صحت کے حکام کے ساتھ شیئر کیا گیا اور اس پر مزید بحث اور تحقیق بھی جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کینسر کے علاج کا نیا طریقہ دریافت

کمپنی نے بتایا کہ ’بلینریپ‘ (Blenrep) دوائی کو اب تک کی بلڈ کینسر کی تمام دوائیوں سے بہتر قرار دیا جا رہا تھا اور امکان تھا کہ وہ سب سے بہترین نتائج دے گی لیکن حیران کن طور پر ایسا نہ ہوسکا۔

کمپنی کے مطابق خصوصی طور پر ’بلینریپ‘ (Blenrep) بلڈ کینسر کے بڑھتے ہوئے اسٹیج کو کم کرنے یا موت کے خطروں کو ٹالنے میں کردار ادا کرنے میں ناکام ہوئی جب کہ امید تھی کہ وہ بہتر نتائج دے گی۔

دوا ساز کمپنی نے یہ بھی تصدیق کی کہ مذکورہ دوائی کے مزید ٹرائلز بھی جاری رہیں گے اور نئے نتائج کو بھی دیکھ کر مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ گلیکسو اسمتھ کلائن نے دو سال قبل امریکا کی کینسر سے متعلق ایڈوانس ادویات تیار کرنے والی ایک کمپنی کو بھی خریدا تھا اور کمپنی گزشتہ چند سال سے کینسر کے مختلف اقسام کی ادویات تیار کرنے میں کوشاں ہے۔

کمپنی کی تیار کردہ ’بلینریپ‘ (Blenrep) دوائی کے اہم ٹرائلز کے غیر حوصلہ افزا نتائج سے ماہرین کو مایوسی کا بھی سامنا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024