• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

متنازع تقریر کرنے کے الزام میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما سبحان ساحل رہا

شائع November 8, 2022
پولیس نے6 نومبر کو  سبحان ساحل کو ان کی رہائش سے گرفتار کیا تھا— فائل فوٹو: ٹوئٹر
پولیس نے6 نومبر کو سبحان ساحل کو ان کی رہائش سے گرفتار کیا تھا— فائل فوٹو: ٹوئٹر

سرکاری افسران کے خلاف مبینہ طور پر متنازع تقریر کرنے کے الزام میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سبحان ساحل کو کراچی کی جوڈیشنل مجسٹریٹ عدالت نے رہا کردیا۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق سبحان ساحل کو اشتعال انگیز تقریرکرنے کے الزام میں پولیس نے 6 نومبر کو رات گئے ان کی رہائش سے گرفتار کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کراچی کے سابق صدر سبحان ساحل کو گرفتار کر لیا گیا، علی زیدی کا دعویٰ

7 نومبر کو تفتیشی افسر نے پی ٹی آئی رہنما کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کے لیے مجسٹریٹ کی عدالت کے سامنے پیش کیا۔

سبحان ساحل کے وکیل نے تفتیشی افسر کے ریمانڈ کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے عدالت کے سامنے دلائل دیے کہ ان کے موکل کے خلاف سنگین الزامات لگائے ہیں اور ایف آئی آروفاقی یا صوبائی حکومت سے اجازت لیے بغیر درج کی گئی تھی۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نے سبحان ساحل کورہا کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے 30 لاکھ روپے کے ذاتی مچلکے جمع کرنے کا حکم دیا، خیال رہے کہ پولیس نے الزام لگایا تھا کہ سبحان ساحل نے مبینہ طور پر وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے خلاف متنازع تقریر کی تھی۔

دوسری جانب سندھ اسمبلی میں تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان نے سبحان علی ساحل کی مبینہ گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ سبحان علی ساحل عمران خان کے ساتھ کھڑے رہنے کی قیمت ادا کر رہے ہیں، پی ٹی آئی کا کوئی ورکر اور رہنما غیر آئینی گرفتاریوں سے گھبرانے والا نہیں ہے۔

اس کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سندھ کے سابق گورنر عمران اسماعیل نے سبحان علی ساحل کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا تھا، عمران اسماعیل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا کہ پی ٹی آئی رہنما سبحان علی ساحل کو گرفتار کرنے کی مذمت کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور پولیس ہمارے پر امن احتجاج سےخوفزدہ ہیں، سندھ پولیس یاد رکھے وہ جن کی غلامی کر رہے ہیں ان کے دن گنے جا چکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024