• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

اکتوبر میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں رقوم کی آمد تقریباً 2 سال کی کم ترین سطح پر

شائع November 7, 2022
وزارت خزانہ کے سابق مشیر نے بتایا کہ عالمی سطح پر شرح سود میں اضافے کی وجہ سے پاکستان میں سرمایہ کاری نیچے جارہی ہے — فائل فوٹو: شٹراسٹاک
وزارت خزانہ کے سابق مشیر نے بتایا کہ عالمی سطح پر شرح سود میں اضافے کی وجہ سے پاکستان میں سرمایہ کاری نیچے جارہی ہے — فائل فوٹو: شٹراسٹاک

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بینکاری کی سہولت فراہم کرنے والے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ (آر ڈی اے) میں اکتوبر میں 14 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی رقم موصول ہوئی، جو گزشتہ مہینے کے 16 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 13.1 فیصد اور دسمبر 2020 کے مقابلے میں کم ترین سطح ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے مطابق دسمبر 2020 میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں 14 کروڑ ڈالر آئے تھے۔

مرکزی بینک کے مطابق اکتوبر میں 13 ہزار 850 نئے اکاؤنٹ کھولے گئے ہیں، جس کے بعد کُل اکاؤنٹ کی تعداد 4 لاکھ 85 ہزار 873 ہوگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جنوری میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں رقوم کی آمد 38 فیصد بڑھ گئی

ستمبر 2020 میں آر ڈی اے کے آغاز کے بعد سے اب تک ان اکاؤنٹس سے مجموعی طور پر 5 ارب 29 کروڑ ڈالر کے فنڈز موصول ہوچکے ہیں۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق نیا پاکستان سرٹیفکیشن (این پی سی) میں 3 ارب 34 کروڑ ڈالر یا 63 فیصد رقم سرمایہ کاری کی گئی ہے، روایتی بانڈز سے ایک ارب 72 کروڑ ڈالر جبکہ اسلامک بانڈز سے ایک ارب 62 کروڑ موصول ہوئے۔

مرکزی بینک کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کُل رقم کی صرف ایک فیصد یا 4 کروڑ 60 لاکھ ڈالر سرمایہ کاری کی گئی ہے۔

وزارت خزانہ کے سابق مشیر ڈاکٹر خاقان نجیب نے بتایا کہ عالمی سطح پر شرح سود میں اضافے کی وجہ سے پاکستان میں سرمایہ کاری نیچے جارہی ہے، حکام کو غور کرنے کی ضرورت ہے کہ ڈالر میں ہونے والی سرمایہ کاری میں منافع کو بڑھائیں تاکہ پاکستان میں آر ڈی اے کے ذریعے زیادہ رقم آسکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ڈالرز کی قلت کا سامنا ہے، اسے تمام ذرائع سے فنڈز کی آمد کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔

مزید پڑھیں: روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں 14 ماہ کے دوران 2 ارب 72 کروڑ ڈالر کی آمد

آر ڈی اے، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا فلیگ شپ منصوبہ ہے جس کا مقصد بیرون مقیم پاکستانیوں کو پاکستان کے بینکاری اور ادائیگی کے نظام سے منسلک کرنا ہے۔

ایس بی پی کے گورنر جمیل احمد نے گزشتہ ہفتے بتایا تھا کہ 175 ممالک میں بیرون مقیم پاکستانیوں کی جانب سے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کھلوائے گئے ہیں، تاہم آر ڈی اے کے تحت اسٹاک ایکسچینج میں ہونے والی سرمایہ کاری بہت کم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آر ڈی اے کی چھتری تلے روشن ایکویٹی انویسٹمنٹ کے باضابطہ آغاز کے بعد توقع ہے کہ ایکویٹی مارکیٹ میں بھی مکمل ڈیجیٹل نظام کے تحت سرمایہ کاری میں تیزی آئے گی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024