• KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:12am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:39am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:12am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:39am Sunrise 7:09am

ملیریا سے بچاؤ کا سب سے مؤثر طریقہ دریافت

شائع November 3, 2022
ملیریا قابل علاج ہے مگر اس سے لاکھوں اموات ہوتی ہیں—فوٹو: اے پی
ملیریا قابل علاج ہے مگر اس سے لاکھوں اموات ہوتی ہیں—فوٹو: اے پی

امریکی اور افریقی ماہرین نے ملیریا سے تحفظ کا ایک نیا اور اب تک کا سب سے مؤثر طریقہ علاج دریافت کرنے کا دعویٰ کیا ہے جو کہ بیماری سے 6 ماہ تک تحفظ فراہم کر سکتا ہے۔

اس وقت ملیریا کے علاج اور تحفظ کے لیے ویکسین سمیت دیگر ادویات موجود ہیں مگر اس باوجود اس بیماری سے دنیا بھر میں سالانہ 6 لاکھ سے زائد افراد ہلاک جب کہ دو سے ڈھائی کروڑ لوگ بیمار ہوتے ہیں۔

ملیریا ایشیا کے علاوہ افریقا میں زیادہ آبادی کو متاثر کرتی ہے، تاہم دنیا بھر میں اس بیماری سے لوگ متاثر ہوتے ہیں۔

ملیریا خصوصی مچھروں کے کاٹنے کے بعد ہوتی ہے اور یہ دو سے تین ہفتوں تک مریض کو متاثر کرکے رکھتی ہے۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ (اے پی) کے مطابق امریکا کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھن (این آئی ایچ) کی جانب سے لیبارٹری میں تیار کرہ اینٹی باڈیز کے ذریعے افریقی اور امریکی ماہرین نے ملیریا سے متاثر افراد کا علاج کرکے ایک نیا اور اب تک کا سب سے مؤثر طریقہ دریافت کرلیا۔

امریکی ماہرین نے ملیریا کی ادویات سے صحت یاب ہونے والے افراد سے لی گئی اینٹی باڈیز سے لیبارٹری میں نئی اینٹی باڈیز تیار کیں اور انہیں ملیریا کے شکار افراد کو آئی وی انجکشن کے ذریعے دیا گیا۔

تجربے کے لیے ماہرین نے افریقی ملک مالی میں 330 رضاکاروں کی خدمات حاصل کیں اور انہیں تین مختلف گروپوں میں تقسیم کیا۔

ماہرین نے تینوں گروپس میں سے ایک گروپ کو لیبارٹری میں تیار کردہ اینٹی باڈیز کا ہائی ڈوز دیا جب کہ دوسرے گروپ کو کم ڈوز دیا اور تیسرے گروپ کو انہوں نے فرضی دوائی دی۔

ماہرین نے تمام رضاکاروں کا 24 ہفتوں تک علاج کیا اور ان کے بلڈ ٹیسٹس کرنے سمیت ان کے دیگر ٹیسٹس بھی کیے گئے۔

تحقیق سے معلوم ہوا کہ جن رضاکاروں کو لیبارٹری میں تیار کردہ اینٹی باڈیز کا ہائی ڈوز دیا گیا تھا ان پر دوائی نے 86 فیصد اثر کیا جب کہ کم ڈوز والے افراد پر دوائی کا اثر 75 فیصد تک تھا۔

تحقیق سے یہ بھی معلوم ہوا کہ اینٹی باڈیز لینے والے افراد ملیریا سے کم از کم 6 ماہ تک محفوظ رہے، یعنی انہیں اسی سیزن میں مچھروں کے کاٹنے کے باوجود دوبارہ ملیریا نہیں ہوا۔

ماہرین کے مطابق ابھی مذکورہ طریقہ علاج پر مزید تحقیق کی ضرورت ہے اور اگر اس کی مزید نتائج بھی حوصلہ کن نکلتے ہیں تو یہ ملیریا سے بچاؤ اور علاج کا سب سے مؤثر سستا علاج بھی ہوسکتا ہے۔

ماہرین کو امید ہے کہ اگر اسی طریقہ علاج پر مزید پیش رفت ہوئی تو اس پر فی کس 5 سے 8 ڈالر کا خرچ آئے گا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس وقت اینٹی باڈیز سے کینسر سمیت پھیلنے والی بیماریوں کا علاج بھی ہو رہا ہے اور ملیریا کی بیماری کا یہ طریقہ علاج کوئی منفرد نہیں ہے۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2024
کارٹون : 19 دسمبر 2024