حیدرآباد: چینی ڈاکٹر کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام، مشتبہ دہشت گرد گرفتار
سندھ پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے دعویٰ کیا ہے کہ حیدرآباد میں چینی ڈاکٹر کو مبینہ طور پر قتل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے کالعدم دہشت گرد تنظیم کے رکن کو گرفتار کرلیا ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم کراچی کے ڈینٹل کلینک کے ڈاکٹر کی ٹارگٹ کلنگ کرنے والے ملزمان کا ساتھی ہے۔
سی ٹی ڈی ترجمان کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں مشتبہ شخص کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد وفاقی انٹیلی جنس ایجنسی اور محکمے کے اہلکاروں نے مشترکہ آپریشن کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ہنگو: سی ٹی ڈی کی کارروائی میں 4 مطلوب دہشت گرد ہلاک
بیان میں کہا گیا کہ کارروائی کے دوران کلعدم دہشت گرد تنظیم سندھ ریوولوشن آرمی (ایس آر اے) سے تعلق رکھنے والے رکن افضل لنڈ عرف عافی کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ ملزم کے قبضے سے لائسنس کے بغیر 30 بور والے پستول کے ساتھ ساتھ میگزین کے 5 راؤنڈ اور ایک موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے جسے پولیس نے اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔
سی ٹی ڈی نے بتایا کہ ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ وہ جرمنی میں کالعدم دہشت گرد تنظیم کے سربراہ ذولفقار خاصخیلی سے براہ راست رابطے میں ہے۔
ملزم کے مطابق ذوالفقار خاصخیلی اس کی مالی معاونت کر رہا ہے جبکہ ملزم نے انہی کے پیسوں سے موٹر سائیکل اور اسلحہ خریدا تھا۔
مزید پڑھیں: کراچی: سی ٹی ڈی نے تحریک طالبان پاکستان کے ’انتہائی مطلوب دہشت گرد‘ کو گرفتار کر لیا
سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم نے مزید بتایا کہ اسے حیدرآباد میں چینی ڈاکٹر کو قتل کرنے کا ٹارگٹ دیا گیا تھا جس کی ملزم نے ریکی بھی مکمل کر لی تھی تاہم منصوبے پر عمل درآمد کرنے سے پہلے ہی اسے گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔