ٹی20 ورلڈ کپ: نیوزی لینڈ کو انگلینڈ کے ہاتھوں شکست
ٹی20 ورلڈ کپ کے اہم میچ میں انگلینڈ نے اوپنرز اور باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت نیوزی لینڈ کو 20 رنز سے شکست دے دی۔
برسبین میں کھیلے جارہے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔
انگلینڈ کے اوپنرز نے ابتدائی اوورز میں قدرے محتاط انداز اپنایا لیکن پھر دونوں کھلاڑیوں بالخصوص ایلکس ہیلز نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرائی۔
دونوں نے پہلی وکٹ کے لیے 81 رنز کی ساجھے داری بنائی جس کے بعد ہیلز کی 40 گیندوں پر 52 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔
انگلینڈ نے اسپنرز کو دیکھتے ہوئے معین علی کو اوپری نمبروں پر بیٹنگ کے لیے بھیجا لیکن یہ تجربہ کامیاب ثابت نہ ہوسکا اور معین علی صرف 5 رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے۔
کپتان جوز بٹلر نے جارحانہ بیٹنگ جاری رکھی اور لیام لیونگسٹن کے ہمراہ 45 رنز کی شراکت قائم کی، لیونگسٹن 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
جوز بٹلر نے شاندار نصف اسکور کی اور 47 گیندوں پر 73 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد رن آؤٹ ہوئے اور انگلینڈ نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں دوسرے ہی اوور میں نیوزی لینڈ کی ٹیم ڈیون کونوے کی خدمات سے محروم ہو گئی۔
کپتان کین ولیمسن اور فن ایلن نے اسکور کو 28 تک پہنچایا ہی تھا کہ سیم کرن نے اہم وکٹ لیتے ہوئے فن ایلن کو چلتا کردیا۔
اس مرحلے پر ولیمسن کا ساتھ دینے گزشتہ میچ کے ہیرو گلین فلپس آئے اور اسکور کو ذمے دارانہ انداز میں آگے بڑھانے کا سلسلہ شروع کیا۔
انگلینڈ کو جلد ہی ایک اور وکٹ لینے کا موقع ملا لیکن معین علی کیوی بلے باز گلین فلپس کا انتہائی آسان کیچ لینے میں ناکام رہے۔
فلپس نے اس موقع کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور کپتان کے ہمراہ تیسری وکٹ کے لیے 91 رنز کی شراکت کی شراکت قائم کی، اس شراکت کا خاتمہ ولیمسن کے آؤٹ ہونے کے نتیجے میں ہوا جنہوں نے 40 گیندوں پر اتنے ہی رنز بنائے۔
ادھر جیمز نیشام اور ڈیرل مچل بھی جلدی چل دیے لیکن فلپس ڈٹے رہے اور 36 گیندوں پر تین چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 62 رنز بنائے جس کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ کی جیت کی رہی سہی امید بھی دم توڑ گئی۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے اور اس طرح انگلینڈ نے میچ میں 20 رنز کی فتح حاصل کر کے ورلڈ کپ میں اپنا سفر جاری رکھا۔
کپتان جوز بٹلر کو ان کی شاندار اننگز پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔