• KHI: Fajr 5:30am Sunrise 6:48am
  • LHR: Fajr 5:06am Sunrise 6:30am
  • ISB: Fajr 5:14am Sunrise 6:40am
  • KHI: Fajr 5:30am Sunrise 6:48am
  • LHR: Fajr 5:06am Sunrise 6:30am
  • ISB: Fajr 5:14am Sunrise 6:40am

چین کے ساتھ سرمایہ کاری، تجارتی تعلقات میں وسعت کے خواہاں ہیں، وزیراعظم

شائع October 31, 2022
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں چینی شہریوں کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے — فوٹو: ڈان نیوز
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں چینی شہریوں کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے — فوٹو: ڈان نیوز

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ’پاک-چین آزاد تجارتی معاہدے‘ کے دوسرے مرحلے کا بہترین استعمال کرتے ہوئے چین کے ساتھ سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات کو وسعت دینا چاہتا ہے۔

چینی اخبار ’گلوبل ٹائمز‘ میں شائع ہونے والے ایک آرٹیکل میں وزیر اعظم نے کہا کہ ’پاکستان، چین کے لیے بطور مینوفیکچرنگ بیس صنعت اور سپلائی چین نیٹ ورک میں توسیع کے سلسلے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف یکم نومبر کو چین کا پہلا سرکاری دورہ کریں گے

وزیر اعظم نے لکھا کہ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد ایک ایسے وقت میں چین کے دورے پر ہوں گا جب چین کی کمیونسٹ پارٹی کی 20ویں قومی کانگریس کامیابی سے اختتام پذیر ہوئی، چین کی ترقی کے نئے دور کے آغازپر اپنے بھائی جنرل سیکریٹری شی جن پنگ اور کمیونسٹ پارٹی کو دلی مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ابھرتے ہوئے عالمی منظر نامے کے درمیان پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے، جغرافیاتی تقاضوں ،مشترکہ نکتہ نظر اور توسیع پذیر اقتصادی شراکت داری کے شدید احساس نے ہمیں فطری شراکت داربنا دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ باہمی احترام اور تعاون کے جذبے کی بنیاد پر دوستانہ تعلقات کے خواہاں ہیں، ہم اقوام متحدہ کے منشور اور قراردادوں کی بنیاد پر مسئلہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب تنازعات کا مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے پرامن حل چاہتے ہیں۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کی چینی صدر سے ملاقات، سی پیک منصوبوں پر اپنے عزم کا اعادہ

شہباز شریف نے کہا کہ کورونا وبا کے بعد چین نے پاکستان کو جو یکجہتی اور امداد فراہم کی ہے وہ ہماری کُل وقتی دوستی کی واضح مثال ہے، ہنگامی طبی سامان کی 60 سے زائد امدادی پروازیں پاکستان بھیجی گئیں، چینی ساختہ ویکسین ملک بھر میں ہماری حفاظتی ویکسی نیشن مہم کا بنیادی مرکز تھیں۔

انہوں نے کہا کہ اسی طرح پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب کے بعد چین کی اعلیٰ قیادت، مرکزی و صوبائی حکومتوں، کاروباری اداروں اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے عام لوگ پاکستان کی مدد کے لیے آگے آئے۔

ان کا کہنا تھا کہ دیگر ممالک کی طرح پاکستان کی معیشت کو بھی عالمی معاشی سست روی، خوراک اور تیل کی قیمتوں میں اضافہ اور سپلائی چین میں رکاوٹوں کی وجہ سے کئی چیلنجز کا سامنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم دورہ چین کے دوران اسٹریٹجک تعلقات کو مزید تقویت دینے کیلئے پرعزم

وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی اقتصادی مشکلات کے باوجود ہماری حکومت اپنے مقامی وسائل اور ہمارے لوگوں کی خوشحالی اور ترقی کو یقینی بنانے کی صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لیے پوری تندہی سے کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان مقاصد کے حصول کے لیے ہم چین کی کامیابیوں سے تحریک لیتے ہیں، خواہ وہ ایک معتدل خوشحال معاشرے کی تعمیر کا پہلا صد سالہ ہدف حاصل کرنا ہو یا ہر لحاظ سے ایک جدید سوشلسٹ ملک کی تعمیر کے دوسرے صد سالہ ہدف کو پورا کرنے کے لیے اس کی کوششیں ہوں۔

دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو وسعت دینے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چین، پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی اور سرمایہ کاری شراکت دار ہے، ہم پاک ۔ چین آزاد تجارتی معاہدے کے دوسرے مرحلے کا بہترین استعمال کرتے ہوئے اور صنعتی تعاون کو بڑھا کر ان تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کا چینی ہم منصب سے رابطہ، سی پیک منصوبے تیزی سے آگے بڑھانے کیلئے’پختہ عزم‘ کا اظہار

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے چینی کمپنیوں کو صنعت، زراعت، انفرااسٹرکچر، گرین انرجی اور ڈیجیٹل معیشت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی پیشکش کی ہے۔

انہوں نے پاکستان میں چینی شہریوں کی حفاظت کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، ہم کسی کو اپنی دوستی اور مضبوط اقتصادی شراکت داری کو نقصان پہنچانے نہیں دیں گے، میری حکومت ان قابل مذمت کارروائیوں میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی‘۔

’چینی ماڈل سے سیکھنا اور پاکستان میں اسے نافذ کرنا ہوگا‘

دریں اثنا پاک ۔ چین بزنس اینڈ انویسٹمنٹ فورم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ یہ فورم پاکستان اور چین کے درمیان کاروباری تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ کل ہم دورہ چین پر روانہ ہو رہے ہیں جہاں ہم دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی اور اسٹریٹجک تعلقات کے فروغ کے لیے صدر شی جن پنگ سمیت چینی قیادت سے ملاقات کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے تحت چینی کمپنیوں کی جانب سے پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کا عہد کیا جاچکا ہے، چینی سرمایہ کاری کے نتیجے میں پاکستان توانائی کے بحران سے نمٹنے میں کامیاب ہوا اور انڈسٹری اور زراعت کا شعبہ بحال ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: روسی صدر پیوٹن، چین کی وزیراعظم شہباز شریف کو مبارکباد

وزیر اعظم نے کہا کہ چین دنیا کی دوسری بڑی معیشت ہے اور پاکستان میں سب سے بڑا سرمایہ کار ہے، دونوں ممالک کے درمیان درآمدات و برآمدات کے فروغ کے لیے بڑے مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین، ہائی ٹیک انڈسٹری کی جانب بڑھ رہا ہے، اگر چین کی جانب سے یہ انڈسٹری پاکستان میں لگائی جائے تو پاکستان سستی لیبر فراہم کر سکتا ہے، یہاں سے پیداوار چین سمیت دیگر ممالک میں برآمد کی جاتی ہے جو کہ پاکستان اور چین کے کاروباری شعبوں کے لیے مفید صورت ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے چین سب زیادہ عطیہ کرنے والوں میں شامل ہے، یہ ہماری دیرینہ دوستی کی نمایاں مثال ہے کس کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔

مزید پڑھیں: چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تحریری شرائط کی نہیں چین کے تعاون کی ضرورت ہے، وزیر اعظم

شہباز شریف نے کہا کہ یہ وقت ہے کہ چینی کاروباری اداروں سے مزید تعلقات استوار کیے جائیں اور چینی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول تیار کیا جائے، امید ہے دورہ چین ان مقاصد کے حصول کے لیے مفید ثابت ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ ’یہ میرا چین کا 30واں یا 31واں دورہ ہے، میں پہلی بار 1982 میں چین گیا تھا، اس وقت چین میں گاڑیاں مشکل سے ہی نظر آتی تھیں لیکن اب چین کا منظرنامہ بدل چکا ہے، لاکھوں گاڑیاں چین کی سڑکوں پر دوڑ رہی ہیں، 70 کروڑ کی آبادی خط غربت سے باہر آچکی ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ چین کی یہ کامیابیاں شی جن پنگ کی عظیم قیادت کا ثمر ہے، ہمیں چینی ماڈل سے سیکھنا ہوگا اور پاکستان میں اسے نافذ کرنا ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 14 نومبر 2024
کارٹون : 13 نومبر 2024