• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے فیصل واڈا کی پارٹی رکنیت ختم کردی

شائع October 29, 2022
پی ٹی آئی کے آفیشل اکاؤنٹ سے کی گئی ٹوئٹ میں فیصل واڈا کی رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفکیشن شیئر کیا گیا—فائل فوٹو: فیصل واڈا/ٹوئٹر
پی ٹی آئی کے آفیشل اکاؤنٹ سے کی گئی ٹوئٹ میں فیصل واڈا کی رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفکیشن شیئر کیا گیا—فائل فوٹو: فیصل واڈا/ٹوئٹر

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے اسلام آباد میں کی گئی پریس کانفرنس پر وضاحت کے لیے شوکاز نوٹس کا جواب نہ دینے پر فیصل واڈا کی پارٹی رکنیت ختم کردی۔

پی ٹی آئی کے آفیشل اکاؤنٹ سے کی گئی ٹوئٹ میں عمران خان کی جانب سے فیصل واڈا کی پارٹی رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفکیشن شیئر کیا گیا۔

نوٹس میں کہا گیا کہ ’یہ نوٹس پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے پر آپ کو 26 اکتوبر جاری کردہ شوکاز نوٹس کے حوالے سے جاری کیا جارہا ہے، آپ نے مقررہ مدت کے اندر نوٹس کا جواب نہیں دیا اس لیے پارٹی سے آپ کی رکنیت ختم کی جاتی ہے‘۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے پارٹی رہنما فیصل واڈا کو شوکاز نوٹس معروف صحافی ارشد شریف کے قتل اور لانگ مارچ کے حوالے سے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے فوری بعد عمران خان کی ہدایت پر جاری کیا گیا تھا۔

فیصل واڈا نے پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ ارشد شریف کو قتل کرنے کا منصوبہ پاکستان کے اندر بنایا گیا اور اس کا مقصد پاکستان میں افراتفری پھیلانا اور لاشیں گرانا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ لانگ مارچ میں خون ہی خون اور موت ہی موت نظر آرہی ہے اور اہم شخصیات سمیت کئی لوگ مارنے کی سازش کی جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی نے فیصل واڈا کی رکنیت معطل کردی، وضاحت کیلئے شوکاز نوٹس جاری

ان کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی حیدر زیدی نے کہا تھا کہ ‘فیصل واڈا ہمارا لانگ مارچ کو نقصان پہچانے کی کوشش کر رہا ہے، دلچسپ بات ہے کہ تمام چینلز اور پی ٹی وی اس پریس کانفرنس کو دکھا رہے ہیں’۔

انہوں نے کہا کہ ‘یہ واضح ہے کہ امپورٹڈ حکومت نے ان کو لانچ کیا ہے لیکن انہوں نے معقول بات نہیں کی، جب عمران خان سب کو واضح طور پر ہدایات جاری کرچکے ہیں کہ پرامن رہیں تو ان کی پریس کانفرنس کی کیا اہمیت ہے’۔

علی زیدی نے ایک اور ٹوئٹ میں فیصل واڈا کو پارٹی کی جانب سے رکنیت معطل کرنے کے ساتھ ساتھ وضاحت کے لیے دیا گیا شوکاز نوٹس بھی جاری کیا تھا۔

شوکاز نوٹس میں فیصل واڈا سے کہا گیا تھا کہ آپ نے پارٹی پالیسی اور ہدایات کے خلاف بیان دے کر نظم و ضبط کی سنگین خلاف ورزی کی ہے۔

مزید پڑھیں: ارشد شریف کے قتل کی سازش پاکستان میں ہوئی، ثبوت مٹا دیے گئے، فیصل واڈا

نوٹس میں بتایا گیا تھا کہ یہ پارٹی کے قواعد کی سنگین خلاف ورزی ہے اور اس کے نتیجے میں اس نوٹس کے 2 روز کے اندر اپنا جواب جمع کرائیں کہ کیوں نہ آپ کی پارٹی رکنیت ختم کردی جائے۔

پی ٹی آئی سندھ کے صدر کی جانب سے جاری نوٹس میں مزید کہا گیا تھا کہ جواب جمع کرانے تک پارٹی رکنیت معطل کردی جاتی ہے اور پارٹی کا عہدہ رکھنے یا میڈیا میں پارٹی کی نمائندگی کی اجازت نہیں دی جاتی ہے۔

علاوہ ازیں اسد عمر نے بھی اس حوالے سے اپنی ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ‘فیصل واڈا کا بیان پاکستان کی پالیسی اور نکتہ نظر کی عکاسی نہیں کرتا’۔

اسد عمر نے کہا تھا کہ ‘چیرمین عمران خان کی ہدایت پر سندھ کے صدر کو بتایا گیا ہے کہ فیصل واڈا کو پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس جاری کریں’۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024