ہمایوں سعید کی ’دی کراؤن‘ کی پہلی جھلک سامنے آگئی
معروف اداکار ہمایوں سعید کی آنے والی نیٹ فلیکس کی برٹش ویب سیریز ’دی کراؤن‘ کے کردار کی پہلی جھلک سامنے آگئی۔
’دی کراؤن‘ کے پانچویں سیزن کو آئندہ ماہ 9 نومبر کو ریلیز کیا جائے گا اور کچھ دن قبل ہی اس کا ٹریلر جاری کیا گیا تھا، جس میں ہمایوں سعید کی جھلک نہیں دکھائی گئی تھی۔
ٹریلر میں ہمایوں سعید کی جھلک نہ دکھائے جانے پر شائقین نالاں بھی دکھائی دیے تھے، تاہم اب پاکستانی اداکار کے کردار کی پہلی جھلک سامنے آگئی۔
شوبز ویب سائٹ ’ورائٹی‘ نے ہمایوں سعید کے کردار کی جھلک کی تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ویب سیریز میں پاکستانی نژاد برطانوی ماہر امراض قلب ڈاکٹر حسنات کے کردار میں دکھائی دیں گے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ڈاکٹر حسنات نے 2004 میں لندن پولیس کو ریکارڈ کروائے گئے اپنے بیان میں تسلیم کیا تھا کہ وہ 1995 سے 1997 تک لیڈی ڈیانا کے ساتھ رومانوی تعلقات میں رہے تھے، جس کے بعد ڈیانا نے ان سے تعلقات ختم کرلیے تھے۔
ڈاکٹر حسنات نے بتایا تھا کہ ان سے تعلقات ختم کرنے کے بعد لیڈی ڈیانا نے مصری نژاد فلم ساز دودی الفید سے تعلقات استوار کرلیے تھے، جن کے ساتھ وہ 1997 میں پیرس کے روڈ حادثے میں چل بسی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’دی کراؤن‘ کا حصہ بننے پر ہمایوں سعید کو شوبز شخصیات کی مبارک باد
اپنے کردار کے حوالے سے ہمایوں سعید نے ’ورائٹی‘ کو بتایا کہ انہوں نے پہلی بار حقیقی زندگی کا کردار ادا کیا ہے جو کہ ایک انتہائی سادہ مگر جاذب نظر کردار ہے۔
ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ وہ ڈاکٹر حسنات کی شخصیت کے طور پر ویب سیریز میں بے ضرر نظر آئیں گے اور ان کی سادہ اور دوسروں کا خیال رکھنے کی طبیعت کی وجہ سے ہی لیڈی ڈیانا ان کی جانب راغب ہوں گی۔
انہوں نے ’دی کراؤن‘ کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مداحوں کو ان کا کردار پسند آئے گا۔
خیال رہے کہ کچھ دن قبل ہی ہمایوں سعید کی ’دی کراؤن‘ کا حصہ بننے کی تصدیق ہوئی تھی اور ’دی کراؤن‘ میں لیڈی ڈیانا کا کردار ادا کرنے والی آسٹریلوی اداکارہ ایلزبتھ ڈیبکی نے اپنے انٹرویو میں پاکستانی اداکار کی تعریف کی تھی۔
پانچویں سیزن میں شہزادہ چارلس کا کردار ڈومنک ویسٹ ادا کرتے دکھائی دیں گے جب کہ ان کی دوسری اہلیہ کمیلا پارکر کا کردار اولیویا ولیمز ادا کریں گی۔
پانچویں سیزن مین امیلڈا اسٹانٹون ملکہ برطانیہ کے روپ میں دکھائی دیں گی، اس سیزن میں دو سے زائد برطانوی وزرائے اعظم کے کردار بھی دکھائے جائیں گے جب کہ دیگر متعدد شاہی محل کی شخصیات بھی دکھائی جائیں گی۔
اسی سیزن میں ممکنہ طور پر لیڈی ڈیانا کے انتقال کو بھی دکھایا جائے گا جب کہ ان کے بچوں شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری کی جوانی بھی دکھائی جائے گی۔
ویب سیریز کے پاانچویں سیزن کو آئندہ ماہ 9 نومبر کو ریلیز کیا جائے گا، ’دی کراؤن‘ برطانوی شاہی خاندان پر بنائی جانے والی سیریز ہے، جس کے چار سیزن ریلیز کیے جا چکے ہیں۔
سیریز کا چوتھا سیزن گزشتہ برس نومبر میں ریلیز کیا گیا تھا، مذکورہ سیریز کا پہلا سیزن 2016 میں جاری کیا گیا تھا، پہلے سیزن میں 1947 سے 1955 کے شاہی خاندان کا دور دکھایا گیا تھا۔
’دی کراؤن‘ سیریز کی مرکزی کہانی ملکہ برطانیہ ایلزبتھ دوئم کی زندگی پر مبنی ہے اور سیریز کا آغاز ہی ان کی جوانی، شادی اور تخت سنبھالنے سے ہوتا ہے۔
’دی کراؤن‘ کا دوسرا سیزن 2017 میں ریلیز کیا گیا تھا جس کی کہانی 1956 سے 1964 کے عرصے کے دوران گھومتی ہے۔
سیریز میں نہ صرف شاہی محل میں ہونے والی سازشوں اور معاشقوں کو دکھایا گیا بلکہ اس میں برطانوی شاہی خاندان کے دنیا بھر کی سیاست پر پڑنے والے اثرات کے اہم واقعات کو بھی دکھایا گیا ہے۔
دی کراؤن‘ سیریز کا تیسرا سیزن نومبر 2019 میں ریلیز ہوا اور اس میں 1964 سے 1977 کا دور دکھایا گیا تھا۔
سیریز کا چوتھا سیزن نومبر 2020 میں ریلیز ہوا، جس میں 1977 سے لے کر 1986 یا 1988 تک کا دور دکھایا گیا۔
چوتھے سیزن میں جہاں لیڈی ڈیانا کا کردار دکھایا گیا، وہیں اس میں پہلی برطانوی خاتون وزیر اعظم مارگریٹ تھیچر سمیت کئی نئے کردار بھی دکھائے گئے۔
اب پانچویں سیزن میں 1988 سے لے کر 1999 تک کا دور دکھائے جانے کا امکان ہے۔