• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

علیزے کے والد نے پوچھا فیروز نے ان کی بیٹی کو مارنے کے لیے باڈی بنائی؟ میرا سیٹھی

شائع October 28, 2022
—فائل فوٹو: انسٹاگرام
—فائل فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ و میزبان میرا سیٹھی نے کہا ہے کہ حال ہی میں وہ اداکار فیروز خان کی سابق اہلیہ علیزے سلطان اور ان کے اہل خانہ سے ملیں، جنہوں نے اداکار پر سنگین الزامات لگائے۔

میرا سیٹھی نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ جب انہوں نے علیزے سلطان کے والد سے ملاقات کی تو ان کے والد نے افسردہ انداز میں ان سے پوچھا اور بتایا کہ فیروز خان نے جیم میں جاکر باڈی بنائی، کس لیے؟ ان کی بیٹی کو مارنے کے لیے؟

میرا سیٹھی نے اپنی مختصر ٹوئٹ میں مزید بتایا کہ علیزے سلطان کے والدین نے فیروز خان پر سنگین الزامات عائد کیے، جن سے متعق ہمیں سنجیدہ ہونے کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سونیا مشال اور فائزہ عاشق کی فیروز خان کی بہنوں حمیمہ اور دعا ملک پر تنقید

میرا سیٹھی نے 27 اکتوبر کو کی گئی ٹوئٹ میں بتایا کہ انہوں نے علیزے سلطان اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی لیکن انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ انہوں نے فیروز خان پر کس طرح کے سنگین الزامات عائد کیے۔

میرا سیٹھی سے قبل بھی متعدد شوبز شخصیات نے فیروز خان پر سخت تنقید کرتے ہوئے ان پر پابندی کا مطالبہ کیا تھا جب کہ اقرا عزیز نے تو ان کے ساتھ منصوبوں میں کام کرنے سے الگ ہونے کا اعلان بھی کیا تھا۔

فیروز خان پر شوبز شخصیات اس وقت برہم ہوئیں جب کہ ان کی سابق اہلیہ علیزے سلطان کی جانب سے کراچی کی مقامی عدالت میں خود پر تشدد کے شواہد عدالت میں پیش کیے اور ان کی جانب سے عدالت میں جمع کروائی گئی تشدد کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔

مزید پڑھیں: اداکار کی اداکاری اور اصل زندگی کو الگ الگ دیکھا جائے، مصدق ملک

فیروز خان اور علیزے سلطان کے درمیان مقامی عدالت میں بچوں کی حوالگی کا کیس زیر سماعت ہے، جس میں اداکار کی سابق اہلیہ نے اپنے اوپر کیے گئے تشدد کے شواہد بھی جمع کروائے تھے۔

دونوں نے گزشتہ ماہ 21 ستمبر کو تصدیق کی تھی کہ ان کے درمیان ستمبر کے شروع میں طلاق ہوگئی تھی۔

علیزے سلطان نے طلاق کی تصدیق کرتے ہوئے فیروز خان پر گھریلو تشدد کے الزامات بھی عائد کیے تھے۔

شوبز شخصیات کی جانب سے تنقید کیے جانے کے بعد فیروز خان نے اپنے وضاحتی بیان میں خود پر لگے الزامات کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے ان سب افراد کے خلاف کارروائی کا عندیہ دیا تھا، جنہوں نے ان کے اوپر الزامات لگائے۔

فیروز خان اور علیزے سلطان نے 2018 میں شادی کی تھی اور ان کے ہاں 2019 میں بیٹے جب کہ 2022 کے آغاز میں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی اور شادی کے چار سال بعد ان کی طلاق ہوگئی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024