• KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

میاں، بیوی میں جھگڑے عام بات ہیں، تشدد نارمل نہیں، یاسر حسین

شائع October 26, 2022
یاسر حسین کے مطابق وہ اپنی بیوی سے بہت پیار کرتے ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
یاسر حسین کے مطابق وہ اپنی بیوی سے بہت پیار کرتے ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

اداکار، میزبان و ہدایت کار یاسر حسین نے علیزے سلطان پر سابق شوہر فیروز خان کے مبینہ تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میاں اور بیوی میں لڑائی و جھگڑا عام بات ہیں لیکن دونوں کی جانب سے ایک دوسرے کو جانوروں کی طرح مارنا اور پیٹنا نارمل نہیں۔

یاسر حسین نے علیزے سلطان پر تشدد کی تصاویر وائرل ہونے کے بعد ان کی حمایت میں کی گئی انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ وہ اپنی بیوی اور بیٹے سے بہت پیار کرتے ہیں۔

یاسر حسین نے لکھا کہ اگر وہ اپنی بیوی پر ہاتھ اٹھائیں گے تو اس بات کے 90 فیصد امکانات ہیں کہ ان کا بیٹا بھی یہی عمل دہرائے گا۔

اداکار نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ میاں اور بیوی کے درمیان لڑائی اور جھگڑے ہونا معمول کی بات ہے لیکن ان دونوں کی جانب سے ایک دوسرے کو جانوروں کی طرح مارنا اور پیٹنا نارمل نہیں ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ وہ گھریلو تشدد کے سخت خلاف ہیں، پھر چاہے تشدد کرنے والا کوئی سپر اسٹار ہو یا عام آدمی لیکن وہ اس کے خلاف ہیں۔

یاسر حسین نے علیزے سلطان کی حمایت کرتے ہوئے ان کے لیے دعا بھی کی کہ ان کی مشکلات آسان ہوں اور ان کی زندگی میں سکون آجائے۔

یاسر حسین نے مذکورہ پوسٹ کے ساتھ اہلیہ اداکارہ اقرا عزیز کے ہمراہ تصویر بھی شیئر کی اور ان کی پوسٹ پر مداحوں نے کمنٹس کرتے ہوئے ان کی بات سے اتفاق کیا اور لکھا کہ لوگ اسی لیے ہی یاسر حسین کو پسند کرتے ہیں کہ وہ گھریلو تشدد کے خلاف ہیں۔

یاسر حسین سے قبل بھی متعدد شوبز شخصیات نے علیزے سلطان پر تشدد کی مذمت کرتے ہوئے ان کے سابق شوہر فیروز خان پر پابندی کا مطالبہ کیا تھا۔

علیزے سلطان پر تشدد کی تصاویر دو دن قبل وائرل ہوئی تھیں، جس کے بعد متعدد شوبز شخصیات نے ان کی حمایت میں فیروز خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان پر پابندی کا مطالبہ کیا تھا۔

علیزے سلطان کی تصاویر ایک ایسے وقت میں وائرل ہوئیں جب کہ کچھ دن قبل ہی انہوں نے خود پر تشدد کی تصاویر کراچی کی مقامی عدالت میں دوران مقدمہ پیش کی تھیں۔

علیزے سلطان اور فیروز خان کے درمیان بچوں کی حوالگی کا کیس مقامی عدالت میں زیر سماعت ہے۔

دونوں نے گزشتہ ماہ 21 ستمبر کو طلاق کی تصدیق کی تھی، اس سے قبل دونوں کے درمیان گزشتہ دو سال سے اختلافات کی چہ مگوئیاں چل رہی تھیں۔

علیزے سلطان اور فیروز خان نے 2018 میں شادی کی تھی اور ان کے ہاں 2019 میں پہلے بیٹے جب کہ 2022 کے آغاز میں دوسری بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024