رواں سال کا دوسرا جزوی سورج گرہن آج ہوگا

شائع October 25, 2022 اپ ڈیٹ November 7, 2022
یہ رواں برس کا دوسرا اور اس صدی کا 16وں جزوی سورج گرہن ہوگا—فائل فوٹو: ٹوئٹر
یہ رواں برس کا دوسرا اور اس صدی کا 16وں جزوی سورج گرہن ہوگا—فائل فوٹو: ٹوئٹر

رواں سال کا دوسرا جزوی سورج گرہن آج ہوگا جسے پاکستان کے مختلف شہروں میں دیکھا جا سکے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان میں بھی سورج گرہن جزوی طور پر دکھائی دےگا جب کہ سورج گرہن یورپ، شمالی افریقہ، مشرق وسطیٰ اور مغربی ایشیا میں دکھائی دےگا۔

محکمہ موسمیات کا بتانا ہےکہ پاکستان میں جزوی سورج گرہن دوپہر ایک بجکر 58 منٹ پر شروع ہوگا جس کا اختتام 6 بجکر 2 منٹ پر ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: چاند اور سورج گرہن سے جڑے قصّے کہانیاں

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شام 4 بجے سورج مکمل گرہن کی لپیٹ میں ہوگا جب کہ اس کا دائرہ اورمشاہدہ سب سے زیادہ پشاورمیں یعنی 65.2فیصد تک ہوگا، اس کے علاوہ اسلام آباد میں 64.5،کوئٹہ میں 59.7،لاہور میں 60.7اورکراچی میں 50.0فیصد ہوگا۔

واضح رہے کہ دو روز قبل غیر ملکی خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ نے بتایا تھا کہ فرانس کے انسٹیٹیوٹ آف پیرس آبزرویٹری کے مطابق 25 اکتوبر بروز منگل کو آئس لینڈ سے بھارت تک جزوی سورج گرہن کا مشاہدہ کیا جاسکے گا، سورج گرہن آئس لینڈ میں 0858 جی ایم ٹی پر شروع ہوگا اور بھارت میں 1302 جی ایم ٹی پر ختم ہوگا، یہ یورپ، شمالی افریقہ اور مشرق وسطیٰ سے گزرے گا۔

ماہرین فلکیات نے خبردار کیا تھا کہ اسے براہ راست دیکھنے سے آنکھوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ سورج گرہن براہ راست دیکھنا چاہتے ہیں، انہیں آنکھوں کو نقصان سے بچانے والے خاص چشموں کا استعمال کرنا چاہیے۔

سورج گرہن وہ لمحہ ہوتا ہے جب چاند سورج اور زمین کے درمیان سے گزرتا ہے جس کی وجہ سے سایہ زمین پر پڑتا ہے۔

مزید پڑھیں: سورج گرہن سے وابستہ توہمات اور ان کی حقیقت

مکمل سورج گرہن اس وقت ہوتا ہے جب چاند مکمل طور پر سورج کے سامنے آ جاتا ہے، جس کی وجہ سے زمین کا ایک حصہ مکمل طور پر سیاہ ہوجاتا ہے۔

پیرس آبزرویٹری نے ایک بیان میں بتایا کہ منگل کو سورج گرہن جزوی ہوگا اور چاند کا سایہ کسی بھی مقام پر زمین پر نہیں پڑے گا۔

آبزرویٹری کے ماہر فلکیات فلورینٹ ڈیلیفی نے بتایا کہ چاند قازقستان میں 82 فیصد سورج کے سامنے آئے گا لیکن یہ دن کی روشنی ختم کرنے کے لیے کافی نہیں ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ سورج کے کم از کم 95 فیصد چھپنے پر ہی اندھیرے کا احساس ہوسکتا ہے۔

مزید پڑھیں: سورج کو گرہن کیوں لگتا ہے اور کیا واقعی یہ نقصان دہ ہوتا ہے؟

فلورینٹ ڈیلیفی نے مزید کہا کہ ہم دیکھیں گے کہ سورج کا ایک چھوٹا حصہ غائب ہے، یہ شان دار نہیں ہوگا، لیکن یہ کم تجربہ کار فلکیات دانوں کے لیے ہمیشہ ایک اچھا موقع ہوتا ہے اور خوبصورت تصاویر بنائی جا سکتی ہیں۔

یہ رواں برس کا دوسرا اور اس صدی کا 16وں جزوی سورج گرہن ہوگا۔

ناسا کے مطابق اگلا مکمل سورج گرہن کا مشاہدہ شمالی امریکا میں 8 اپریل 2024 کو کیا جاسکے گا۔

سال 2022 کا پہلا سورج گرہن یکم مئی کو دیکھا گیا تھا، امریکی خلائی ادارے ناسا کے مطابق یہ گرہن چلی، ارجنٹائن، یوراگوئے، مغربی پیراگوئے، جنوب مغربی بولیویا، جنوب مشرقی پیرو اور جنوب مغربی برازیل میں دیکھا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024