• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

سونیا حسین نے عروہ حسین کو 50 لاکھ ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا

شائع October 24, 2022
عروہ حسین نے فوری طور پر کوئی رد عمل نہیں دیا—فوٹو: انسٹاگرام
عروہ حسین نے فوری طور پر کوئی رد عمل نہیں دیا—فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ سونیا حسین نے اپنی آنے والی فلم ’ٹچ بٹن‘ کی پروڈیوسر عروہ حسین پر فلم کا معاوضہ نہ دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے انہیں 50 لاکھ ہرجانے کا نوٹس بھجوا دیا۔

ڈان امیجز کو موصول ہونے والے ہرجانے کے نوٹس میں سونیا حسین نے بتایا ہے کہ عروہ حسین اور ان کے درمیان معاہدہ ہوا تھا کہ شوٹنگ ختم ہوتے ہی معاوضہ ادا کردیا جائے گا مگر ایسا نہیں ہوا۔

نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ سونیا حسین نے فروری سے جون 2020 کے درمیان فلم کی شوٹنگ مکمل کروالی تھی مگر انہیں معاوضہ فراہم نہیں کیا گیا۔

عروہ حسین کو بھجوائے گئے نوٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سونیا حسین نے اپنا معاوضہ حاصل کرنے کے لیے بار بار پروڈیوسر کو یاد دہانی بھی کروائی اور پیسے مانگتی رہیں مگر انہیں کوئی مناسب جواب تک نہیں دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ’ٹچ بٹن‘ فرحان سعید اور عروہ حسین کی فلم

نوٹس میں بتایا گیاہے کہ عروہ حسین نے طویل تاخیر کے بعد عروہ حسین نے اداکارہ کو رواں برس کے وسط میں 5 لاکھ روپے کا چیک بھجوایا تھا جو کہ معاوضے کا کچھ حصہ تھا، اس لیے اداکارہ نے وہ چیک واپس پروڈیوسر کو بھجوادیا تھا۔

نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ عروہ حسین کے رویے کی وجہ سے سونیا حسین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، وہ جذباتی طور پر کمزور پڑ گئیں اور وہ اپنے ہی پیسے مانگنے کے لیے شرمندہ ہوتی رہیں، اس لیے اب پروڈیوسر اداکارہ کو ہرجانے کے لیے 50 کروڑ روپے ادا کرے۔

نوٹس کے مطابق عروہ حسین آئندہ 14 روز میں سونیا حسین کے قانونی نوٹس کا جواب دیں، دوسری صورت میں ان کے خلاف ہرجانے کا مقدمہ عدالت میں دائر کیا جائے گا۔

نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سونیا حسین نے اپنی ٹیم کو یہ ہدایات کردی ہیں کہ اگر عروہ حسین 14 دن کے اندر کوئی جواب نہیں دیتیں تو ان کے خلاف پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعہ 1860 کے تحت فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) بھی داخل کروائی جائے، جو کہ دھوکہ دہی کی دفعات ہیں۔

نوٹس میں واضح کیا گیاہے کہ اگر عروہ حسین نے سونیا حسین کے نوٹس کا جواب 14 دن میں نہیں دیا تو ان کے خلاف ہرجانے کا سول مقدمہ بھی دائر کروایا جائے گا۔

سونیا حسین کے نوٹس کے حوالے سے ڈان امیجز نے عروہ حسین سے رابطہ کرنے کی کوشش کی مگر اداکارہ سے رابطہ نہ ہوسکا۔

مزید پڑھیں: فرحان سعید کا ’ٹچ بٹن‘ ہیروئن ایمان علی کے ساتھ فوٹو شوٹ وائرل

سونیا حسین نے فلم کی پروڈیوسر پر ایک ایسے وقت میں مقدمہ دائر کیا ہے جب کہ حال ہی میں فلم کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے آئندہ ماہ نومبر میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

’ٹچ بٹن‘ میں سونیا حسین کے علاوہ ایمان علی، فرحان سعید اور فیروز خان نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔

مذکورہ فلم عروہ حسین کی بطور پروڈیوسر پہلی فلم ہے جب کہ فرحان سعید بھی فلم کے شریک پروڈیوسر ہیں۔

فلم مسلسل دو سال سے مختلف وجوہات کے باعث تاخیر کا شکار تھی لیکن اب اس کی ریلیز سے پہلے ہی ایک نیا تنازع سامنے آیا ہے، جس سے فلم کی ریلیز موخر کیے جانے کا امکان پیدا ہوگیا ہے، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024