پی آئی اے کا میزبان ٹورنٹو ائیرپورٹ پہنچنے کے بعد لاپتا
پاکستان سے روانہ ہونے والی پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی اے) پروازمیں پی آئی اے کا ایک اور فلائٹ اٹینڈنٹ ٹورنٹو ائیرپورٹ پہنچنے کے بعد پرپُراسرار طور پر لاپتا ہوگیا۔
ایئرلائن کی جانب سے اس قسم کے واقعات کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے باوجود اس سال پیش آنے والا یہ تیسرا واقعہ ہے۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ائیرلائن انتظامیہ نے اسٹیورڈ اعجاز علی شاہ کے پُراسرار طور پر لاپتا ہونے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔
اعجاز علی 14 اکتوبر کو پی کے 781 کی پرواز سے اسلام آباد سے ٹورنٹو کے لیے روانہ ہوئے تھے بعد ازاں انہیں پی کے 782 کی پرواز سے ٹورنٹو سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہونا تھا لیکن پرواز اسلام آباد پہنچنے پر وہ عملے میں موجود نہیں تھے۔
یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کی ایئر ہوسٹس فرانس میں 'لاپتہ'
اسلام آباد پہنچنے والی پرواز میں ائیرلائن تفتیش کاروں نے عملے سے اعجاز شاہ کے حوالے سے پوچھ گچھ کی لیکن انہیں اس حوالے سے علم نہیں تھا۔
اسی دوران پی آئی اے انتظامیہ نے کینیڈا امیگریشن حکام کو اسٹیورڈ اعجاز شاہ کے لاپتا ہونے سے آگاہ کیا جو ٹورنٹو سے اسلام آباد واپس آنے سے پہلے عملے کے ساتھ موجود نہیں تھے۔
اعجاز شاہ راولپنڈی میں بحریہ ٹاؤن کے رہائشی ہیں جو گزشتہ 20 سال سے پی آئی اے سے منسلک تھے۔
ذرائع کے مطابق اعجاز شاہ امیگریشن کاؤنٹر پہنچنے والے عملے کے پہلے شخص تھے لیکن کچھ دیر بعد وہ وہاں سے غائب ہوگئے اور بعد میں انہیں کسی نے ائیرپورٹ پر نہیں دیکھا۔
مزید پڑھیں: پی آئی اے کی فضائی میزبان کینیڈا میں لاپتہ
اسٹیورڈ اعجاز شاہ کے ائیرپورٹ سے غائب ہونے کے بعد عملے کے دیگر ارکان نے انہیں ائیرپورٹ میں تلاش کرنے کی کوشش کی اور ان کی واپسی کا 2 گھنٹے تک انتظار کیا۔
ذارئع نے مزید بتایا کہ ’ٹورنٹو میں پی آئی اے کے اسٹیشن مینیجر نے اعجاز شاہ سے ان کے موبائل فون پر رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے‘۔
پی آئی اے عملے کے رکن لاپتہ ہونے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے قبل ایک ایئرہوسٹس اور بین الاقوامی پروازوں میں پی آئی اے کا ایک فضائی میزبان کینیڈا پہنچنے کے بعد لاپتا ہو چکے ہیں۔
رواں سال جنوری میں پی آئی اے کا فضائی میزبان پی کے 781 کی پرواز سے ٹورنٹو ائیرپورٹ پہنچنے کے بعد غائب ہوگیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کا طیارہ گم نہیں ہوا اسے فروخت کیا گیا، عدالت میں جواب
اسی طرح ایک ائیر ہوسٹس بھی رواں سال کینیڈا پہنچنے کے بعد لاپتا ہوگئی تھی۔
پی آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ انتظامیہ نے حالیہ واقعہ کے بعد غائب ہونے والے افراد کی تحقیقات شروع کردی ہے جبکہ پی آئی اے اسٹیشن مینجر نے کینیڈا کی بارڈر سیکیورٹی کو بھی واقعے کے حوالے سے آگاہ کردیا ہے۔