• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

’مولا جٹ‘ کے ٹکٹ مہنگے کرنے کے بجائے اسے زیادہ اسکرینز پر دکھایا جائے، سید جبران

شائع October 15, 2022
اداکار نے فلم کے ٹکٹ کم کرنے کی تجویز بھی دی—اسکرین شاٹ/ فائل فوٹوؒ: انسٹاگرام
اداکار نے فلم کے ٹکٹ کم کرنے کی تجویز بھی دی—اسکرین شاٹ/ فائل فوٹوؒ: انسٹاگرام

معروف اداکار سید جبران نے حال ہی میں ریلیز ہونے والی میگا بجٹ اور میگا کاسٹ فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کے ٹکٹ مہنگے فروخت کرنے کے بجائے اسے زیادہ اسکرینز پر دکھانے کا مطالبہ کردیا۔

سید جبران نے اپنی سلسلہ وار ٹوئٹس میں ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی ملک کی کم اسکرینز پر نمائش اور اس کے مہنگے ٹکٹس پر شکوہ کیا اور لکھا کہ فلم کی ٹیم کو ڈسٹری بیوشن کے ساتھ مل کر معاملات طے کرنے چاہیے۔

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

انہوں نے بتایا کہ فلم ڈسٹری بیوٹر ندیم مانڈی والا اور سائن پیکس اور نیو پلیکس سینما مالکان کے درمیان فلم کو اسکرینز پر دکھانے کے حوالے سے تعطل ہے، جس کے باعث کئی اسکرینز پر فلم نہیں دکھائی جا رہی۔

انہوں نے الزام لگایا کہ ڈسٹری بیوٹر نے فلم کا ٹکٹ مہنگا کرنے اور اپنا شیئر بڑھانے کا مطالبہ کیا۔

سید جبران نے لکھا کہ ان کی نظر میں ڈسٹری بیوٹر کا فیصلہ غلط ہے، ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کے ٹکٹ بڑھانے کے بجائے انہیں کم کرنا چاہیے، کیوں کہ ٹکٹ کی قیمتیں بڑھانے سے غلط ٹرینڈ اور غلط تاثر پیدا ہوگا جو کہ فلم انڈسٹری کے لیے نقصان دہ ہے۔

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ڈسٹری بیوٹر فلم کا ٹکٹ ایک ہزار سے بڑھا کر 1200 تک کرنا چاہتے ہیں جو کہ درحقیقت انہیں 800 روپے کرنا چاہیے تھا۔

انہوں نے یہ بھی لکھا کہ ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو ٹکٹ، ڈسٹری بیوٹر اور سینما مالکان کے مسئلے کی وجہ سے پہلے دن متعدد اسکرینز پر نہیں دکھایا گیا جو کہ بلاک بسٹر فلم کے لیے نقصان دہ ہے۔

انہوں نے ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی پروڈیوسر عمارہ حکمت، اداکاروں فواد خان اور حمزہ علی عباسی سمیت اداکارہ ماہرہ خان کو بھی مینشن کرتے ہوئے انہیں تجویز دی کہ وہ فلم کو زیادہ اسکرینز پر دکھانے کے انتظامات بہتر کریں۔

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

خیال رہے کہ ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو دو دن قبل 13 اکتوبر کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریلیز کیا گیا تھا اور حیران کن طور پر یہ پہلی پاکستانی فلم بنی تھی جو اپنے ملک کے مقابلے میں دیگر ممالک کے اسکرینز پر زیادہ دکھائی گئی۔

’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو دنیا بھر کی 400 سینما اسکرینز پر دکھایا گیا جب کہ پاکستان میں اتنے سینما اسکرینز ہی نہیں اور یہ بھی رپورٹس ہیں کہ پاکستان میں اسے تمام 300 سے بھی کم اسکرینز پر نہیں ریلیز کیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024