• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پنجاب: پولیس اہلکار نے معمولی جھگڑے پر نوجوان کو گولی مارکر قتل کردیا

شائع October 13, 2022
عینی شاہد نے بتایا پولیس اہلکار نے نوجوان کے ساتھ ہاتھا پائی کی اور پھر گولی مار کر قتل کردیا —فائل فوٹو: رائٹرز
عینی شاہد نے بتایا پولیس اہلکار نے نوجوان کے ساتھ ہاتھا پائی کی اور پھر گولی مار کر قتل کردیا —فائل فوٹو: رائٹرز

پنجاب کے شہر ساہیوال میں مبینہ طور پولیس اہلکار نے نوجوان لڑکے کو معمولی غلطی پر گولی مار کر قتل کردیا جس کے بعد مقتول کے اہل خانہ نے لاش پاکپتن چوک پر رکھ شدید احتجاج کیا۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق عینی شاہد نے بتایا کہ مقتول اختر گالہ منڈی کا رہائشی تھا، اختر نے پاکپتن چوک ٹریفک سگنل پر اپنی موٹر سائیکل کھڑی کی تھی، اسی دوران اختر کی موٹر سائیکل نامعلوم پولیس اہلکار کی موٹر سائیکل سے معمولی ٹکرائی تھی جس کے بعد پولیس اہلکار غصے میں آگیا اور دونوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: قصور میں گاڑی نہ روکنے پر پولیس کی فائرنگ، ایک شخص جاں بحق، دو زخمی

بعد ازاں پولیس اہلکار نے نوجوان کے ساتھ ہاتھا پائی کی اور پھر اس کے سر اور سینے میں گولیاں مار دیں۔

پولیس حکام کے مطابق جائے وقوع کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی ہے جس میں واضح طور پر دکھائی دے رہا ہے کہ پولیس اہلکار نے 3 گولیاں چلائیں جو نوجوان کے سینے اور سر پر لگیں جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔

ریسکیو 1122 حکام نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ مقتول اختر کے سر اور سینے پر گولیاں ماری گئیں جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوا، جبکہ واقعے کے بعد اہلکار موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

بعد ازاں مقتول کے اہل خانہ موقع پر پہنچے اور سڑک بلاک کردی جس کے باعث ٹریفک معطل رہی، احتجاج میں مظاہرین نے پولیس کے خلاف نعرے لگائے اور اہلکار کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

مزید پڑھیں: پنجاب پولیس نے اغوا کے غیرمعمولی کیس میں جنوبی افریقی پولیس سے مدد مانگ لی

حادثے کی اطلاع ملنے پر تحقیقاتی افسر ایس پی انصر اور گالہ منڈی کے اسٹیشن ہاؤس افسر مدثر غفار جائے وقوع پہنچے اور مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کیے، مذاکرات میں اہلکار کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی۔

ضلع پولیس افسران نے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ اہلکار کا یہ اقدام اس کا ذاتی عمل تھا، محکمہ پولیس اہلکار کی حمایت نہیں کرے گا۔

تاہم نوجوان شخص کا بہیمانہ قتل پولیس افسران کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

ایس ایچ او مدثر غفار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فرار ہونے والے اہلکار کی شناخت بلال کے نام سے ہوئی ہے، ان کی پوسٹنگ گالہ منڈی پولیس اسٹیشن میں کی گئی تھی، انہوں نے بتایا کہ پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

ساہیوال میں 14 سالہ لڑکا جنسی استحصال کا شکار

ساہیوال میں 2 نوجوان لڑکوں نے 14 سالہ لڑکے کو جنسی استحصال کا نشانہ بنا کر لڑکے کے جسم کو مختلف جگہوں سے سگریٹ سے جلا دیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق آٹھویں جماعت کا لڑکا قریبی دکان پر گیا جہاں 2 مشتبہ افراد ورغلاتے ہوئے اسے اپنے گھر لے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور سے لاپتا 4 بچیاں ساہیوال سے بازیاب، ملزم گرفتار

بعد ازاں ملزمان نے لڑکے کو جنسی استحصال کا نشانہ بنایا جبکہ مزاحمت کرنے پر سگریٹ سے جسم کے مختلف حصوں کو جلایا، متاثرہ لڑکے کی رونے کی آواز سن کر مقامی افراد موقع پر پہنچے تو دونوں ملزمان فرار ہوگئے۔

متاثرہ لڑکے کو علاج کے لیے ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث ایک شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024