• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

بانڈز کی میچورٹی بڑھائیں گے نہ پیرس کلب جائیں گے، اسحٰق ڈار

شائع October 9, 2022 اپ ڈیٹ October 10, 2022
اسحٰق ڈار نے کہا کہ پاکستان کی ساکھ کو ہم نے برقرار رکھنا ہے — فائل فوٹو
اسحٰق ڈار نے کہا کہ پاکستان کی ساکھ کو ہم نے برقرار رکھنا ہے — فائل فوٹو

وزیر خزانہ سینیٹر اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ ہم نہ تو بانڈز کی میچورٹی کو آگے بڑھائیں گے اور نہ ہی پیرس کلب جائیں گے، وزیر اعظم شہباز شریف کی سربراہی میں وقت پر ادائیگیاں کریں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحٰق ڈار نے کہا کہ ہم نے کچھ سال قبل بانڈ جاری کیے تھے، وہ دسمبر میں میچور ہونے جارہے ہیں اور اس کی ادائیگی کرنی ہے، لوگوں کو یقین نہیں کہ انہیں دسمبر میں اس بانڈ کے پیسے ملیں گے یا نہیں، اس لیے بانڈز 50 فیصد پر فروخت ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے مارکیٹس میں تشویش تھی کہ پاکستان اس بانڈ کی ادائیگی نہیں کر سکے گا اور بانڈ ہولڈرز کو کہے گا کہ اس کی میچورٹی تاریخ میں توسیع کردیں تو ہم آپ کو اضافی منافع دیں گے مگر اب وہ نہیں ہوگا، ہم بانڈ کی ادائیگی بھی وقت پر کریں گے کیونکہ پاکستان ایک خودمختار ملک ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کی ساکھ، عزت اور نام ہے جن کو ہم نے برقرار رکھنا ہے اور اس کے لیے ہمیں محنت کرنا ہوگی اور یہ کوئی نئی بات نہیں ہے، جب 1998 میں نواز شریف کے بہادرانہ فیصلے کے بعد ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کو ہمیشہ کے لیے محفوظ بنالیا تو پاکستان کو سبق سکھانے کے لیے بدترین پابندیاں عائد ہوئیں تھی، تو اس وقت بھی ہم نے اس صورتحال کا مقابلہ کیا اور فروری 1999 تک ان مسائل سے باہر نکل چکے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: موڈیز کو کہہ دیا کریڈٹ ریٹنگ میں تنزلی نہ کریں ورنہ مناسب جواب دیں گے، وزیر خزانہ

اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ ہم نہ تو بانڈ کی میچورٹی کو آگے بڑھائیں گے اور نہ ہی پیرس کلب جائیں گے مگر وزیر اعظم شہباز شریف کی سربراہی میں اپنی ادائیگیاں وقت پر کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پانچ برآمد کنندہ صنعتوں کے مسائل حل کیے ہیں جو تاخیر کا شکار تھے جو اب خوش ہیں اور انہوں نے حکومت کے اقدام کو سراہا ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کے گورنر سے تفصیلی زوم میٹنگ کے بعد لیٹرز آف کریڈٹ (ایل سیز) سے متعلق واجب الادا ادائیگی کا ڈیٹا فراہم کیا گیا ہے، جس کے بعد ہم نے 50 ہزار ڈالر تک مجموعی رقم ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ان کی آسانی ہو۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم نے اسحٰق ڈار کو سینیٹ میں قائدِ ایوان نامزد کردیا

انہوں نے کہا کہ اس وقت ایل سیز کی واجب الادا ادائیگی کے 7 ہزار 992 کیسز موجود ہیں جو 50 ہزار ڈالر ادائیگی کے بعد 4 ہزار 400 کیسز کم ہو جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی ذاتی دلچسپی تھی کہ 5 ٹیکسٹائل درآمد کنندہ صنعتوں کے 9 سینٹ بجلی معاہدے کا تاخیری معاملہ حل کیا جائے اور ہم نے ان کے مسائل کیے ہیں جو بہت خوش ہیں جبکہ ان کے لیے فی یونٹ قیمت 19 روپے 99 پیسے طے کی ہے، اور جون تک کیے گئے معاہدے کو بھی بحال کردیا ہے۔

موڈیز کی پریس ریلیز پر بات کرتے ہوئے اسحٰق ڈار نے کہا کہ ہم نے اس پر جواب دے دیا ہے مگر موڈیز کی ریٹنگ ایجنسیوں نے بنیادی وجہ یہ ظاہر کی تھی کہ ہم پیرس کلب جارہے ہیں جہاں ہم قرضوں کو ری شیڈول کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، مگر میرے آنے کے بعد وزیر اعظم سے تبادلہ خیال کے بعد ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پیرس کلب نہیں جائیں گے۔

مزید پڑھیں: ورلڈ بینک کا پاکستان کی امداد کیلئے 2 ارب ڈالر مختص کرنے کا اعلان

انہوں نے کہا کہ اس وقت عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے حوالے سے بہت باتیں چل رہی ہیں مگر یہ معاہدہ میں نے نہیں کیا، ہم نے 2013 میں آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کیا تھا جو 2016 میں ختم ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ معاہدے ملکی سطح پر ہوتے ہیں اس میں یہ نہیں دیکھا جاتا کہ فلاں نے کیے، مزید کہا کہ 25 اکتوبر کو آئی ایم ایف کا نواں جائزہ اجلاس ہونا ہے لہٰذا ہم پاکستان کے سابقہ معاہدوں کو پورا کرنے کی مکمل کوشش کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024