اقوامِ متحدہ میں پاکستان سے متعلق قرارداد کی منظوری پر وزیر خارجہ کا اظہارِ تشکر
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے آنے والی تباہی پر قرارداد منظور ہونے پراظہارِ تشکر کیا ہے۔
اس حوالے سے ایک بیان جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ایک اور بڑی کامیابی کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں سے ہوئی تباہی پر قرارداد منظور کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں 141 ممالک نے متفقہ طور پر قرارداد منظور کی۔
یہ بھی پڑھیں: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کیلئے عالمی تعاون و امداد کی قرارداد منظور
وزیر خارجہ نے کہا کہ چین، امریکا اور روس بھی پاکستان کے لیے ایک پیج پر آگئے۔
بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب جیوپولیٹکل تقسیم انتہائی گہری ہے، چین، امریکا اور روس کی جانب سے قرارداد کو پیش کرنے والوں میں شامل ہونے کے اتحاد کے مظاہرے پر ہم شکر گزار ہیں۔
ساتھ ہی انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر اور اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کا بھی شکریہ ادا کیا۔
خیال رہے کہ 2 روز قبل اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی گئی تھی جس میں عطیہ دینے والے ممالک اور اداروں پر زور دیا گیا تھا کہ وہ پاکستان میں بحالی اور تعمیر نو کی کوششوں میں مکمل تعاون فراہم کریں۔
اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے قرارداد کے حق میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان میں قدرتی آفات کے بڑے پیمانے اثرات برسوں تک رہ سکتے ہیں، حکومتِ پاکستان کے لیے بڑے پیمانے پر رہنمائی اور تعاون انتہائی ضروری ہے۔
مزید پڑھیں: ’پاکستان کو ماحولیاتی آلودگی کے ذمہ دار ممالک سے بھیک مانگنے پر مجبور نہیں کرنا چاہیے‘
159 ممالک کی جانب سے متفقہ طور پر منظور کی گئی اس قرارداد میں عالمی برادری، خصوصاً عطیہ دہندگان ممالک، عالمی مالیاتی اداروں اور متعلقہ عالمی تنظیموں سمیت نجی شعبوں اور سول سوسائٹی پر زور دیا گیا کہ سیلاب کے تباہ کن اثرات سے نمٹنے اور بحالی کے اقدامات کے لیے پاکستان کی بھرپور حمایت اور مدد کریں۔