• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

وزارت داخلہ کی الیکشن کمیشن سے قومی اور پنجاب اسمبلی کے ضمنی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست

شائع October 8, 2022

وزارت داخلہ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو قومی اسمبلی کے 9 اور پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات 90 روز کے لیے ملتوی کرنے کی درخواست کردی۔

وزارت داخلہ کی طرف سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ 16 اکتوبر کو ان حلقوں میں ضمنی انتخابات ہونے ہیں مگر بااعتماد انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق 12 اور 17 اکتوبر کے درمیان ایک سیاسی جماعت وفاقی دارالحکومت کا محاصرہ کرنا چاہتی ہے جس کے لیے فوجی دستے اور پولیس نفری کو وہاں تعینات کیا گیا ہے۔

مزید کہا گیا کہ سیلاب کی ہنگامی صورتحال کی وجہ سے پاک فوج اور دیگر ادارے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں لہٰذا ضمنی انتخابات کی تاریخ میں 90 دن کی توسیع کی جائے۔

مزید پڑھیں: محکمہ داخلہ پنجاب کا ضمنی الیکشن کے دوران دفعہ 144 نافذ کرنے کا اعلان

خط میں لکھا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ملک میں تباہ کن سیلابی صورتحال کے پیش نظر ملک کے مختلف حلقوں اور علاقوں میں ضمنی اور بلدیاتی انتخابات ملتوی کیے ہیں۔

خط میں لکھا گیا کہ جیسا کہ پاک فوج، فرنٹیئر کور نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور دیگر اداروں کے ہمراہ سیلاب زدہ علاقوں سے پانی کی نکاسی، متاثرین کی امداد و بحالی، محفوظ مقامات تک منتقل کرنے جیسی سرگرمیوں میں مصروف ہیں اس صورتحال میں وفاقی حکومت اور صوبوں نے اپنے تمام وسائل سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے بروئے کار لائے ہیں۔

خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ مذکورہ صورتحال کے پیش نظر پاک فوج اور فرنٹیئر کور کو الیکشن کی سیکیورٹی کے لیے تعینات کرنا مشکل ہوگا جن پر پہلے ہی اضافی کام کا دباؤ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی حکومت سندھ کی درخواست مسترد

وزارت داخلہ نے خط میں مزید لکھا ہے کہ الیکشن کمیشن کو یہ اختیارات ہیں کہ وہ مقرر کردہ انتخابی تاریخ میں تبدیلی کرے یا نئی تاریخ کا اعلان کرے، لہٰذا الیکشن کمیشن سے درخواست ہے کہ 16 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات کی تاریخ میں 90 دن کی توسیع کی جائے یا پھر الیکشن کمیشن جو بہتر سمجھے وہ تاریخ مقرر کرے۔

واضح رہے کہ 14 ستمبر کو الیکشن کمیشن نے 9 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات کی تاریخ تبدیل کرکے 16 اکتوبر کو کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔

پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ 9 اکتوبر کے ضمنی انتخابات کے پولنگ شیڈول میں تبدیلی متوقع عید میلادالنبی ﷺ کے باعث کی گئی۔

اجلاس میں ای سی پی کو بتایا گیا تھا کہ حلقہ این اے 157 ملتان فور، پی پی 139 شیخوپورہ فائیو، پی پی 209 خانیوال سیون اور پی پی 241 بہاولنگر فائیو کی پولنگ کے لیے الیکشن کمیشن نے بذریعہ نوٹی فکیشن 9 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی تھی تاہم اس دن عید میلادالنبیؐ متوقع ہے۔

قومی اسمبلی کے وہ 9 حلقے اور صوبائی اسمبلی کی 3 نشستیں جہاں پر پولنگ 16 اکتوبر کو ہونا ہے۔

قومی اسمبلی کے حلقے

  1. این اے 22 مردان تھری
  2. این اے 24چارسدہ ٹو
  3. این اے 31 پشاور فائیو
  4. این اے 45 کرم ون
  5. این اے 108 فیصل آباد آٹھ
  6. این اے 118 ننکانہ صاحب ٹو
  7. حلقہ این اے 157 ملتان فور
  8. این اے 237 ملیر ٹو
  9. این اے 239 کورنگی کراچی ون

پنجاب اسمبلی کے حلقے

  1. پی پی 139 شیخوپورہ فائیو
  2. پی پی 209 خانیوال سیون
  3. پی پی 241 بہاولنگر فائیو

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیلاب اور بارشوں کے باعث سندھ کے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں حیدر آباد میں 28 اگست کو شیڈول بلدیاتی انتخابات ملتوی کیے جانے کے ایک روز بعد کراچی میں بھی بلدیاتی انتخابات ملتوی کردیے تھے۔

مزید پڑھیں: کراچی میں بلدیاتی انتخابات 23 اکتوبر کو کرانے کا فیصلہ

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن نے ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ کراچی میں 24 تا 26 اگست کے درمیان شدید بارشیں ہوں گی، اور اس بات کا قوی امکان ہے کہ بارشیں 27 اور 28 اگست کو بھی ہو سکتی ہیں، اور ان بارشوں کے اثرات انتخابات کے دن بھی پڑیں گے۔

—فائل فوٹو:  الیکشن کمیشن ویب سائٹ
—فائل فوٹو: الیکشن کمیشن ویب سائٹ