• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

تیاری کی لاگت میں اضافے کے باعث ستمبر کے دوران برآمدات میں کمی

شائع October 5, 2022
ستمبر میں درآمدی بل 19.72 فیصد کم ہو کر 5 ارب 26 کروڑ ڈالر رہ گیا— فائل فوٹو: رائٹرز
ستمبر میں درآمدی بل 19.72 فیصد کم ہو کر 5 ارب 26 کروڑ ڈالر رہ گیا— فائل فوٹو: رائٹرز

ستمبر میں پاکستان کی تجارتی اشیا کی برآمدات میں قدرے کمی آئی جس کی وجہ تیاری کی لاگت خاص طور پر اب تک کا سب سے زیادہ بجلی کا ٹیرف ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاکستان ادارہ شماریات کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ اگست کو چھوڑ کر رواں مالی سال کے پہلے مہینے سے برآمدات میں منفی نمو شروع ہوگئی جبکہ جولائی کے بیک لاگ کی وجہ سے اگست میں معمولی اضافہ دیکھا گیا تھا۔

برآمدات میں کمی ایک تشویش ناک عنصر ہے جو ملک کے بیرونی اکاؤنٹ میں توازن پیدا کرنے میں مسائل پیدا کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: اگست میں برآمدات میں 11.6 فیصد اضافہ ریکارڈ

ستمبر میں برآمدات 0.91 فیصد کم ہو کر 2 ارب 38 کروڑ ڈالر رہیں جو گزشتہ سال کے اسی ماہ میں 2 ارب 40 کروڑ ڈالر تھیں، جبکہ ماہانہ بنیادوں پر 3.8 فیصد کمی نوٹ کی گئی۔

رواں مالی سال کے پہلے مہینے جولائی میں برآمدات میں 5.17 فیصد کمی واقع ہوئی، تاہم گزشتہ سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں برآمدات بحال ہوئیں اور ان میں 11.6 فیصد اضافہ ہوا۔

جولائی تا ستمبر کے دوران برآمدات سے مجموعی آمدنی 7 ارب 12 کروڑ ڈالر رہیں جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 6 ارب 99 کروڑ ڈالر تھی جو کہ 1.84 فیصد کی نمو کو ظاہر کرتی ہے۔

یہ معمولی نمو ظاہر کرتی ہے کہ رواں مالی سال میں سالانہ برآمدی ہدف حاصل کرنا مشکل ہوگا۔

مزید پڑھیں: 22 ماہ بعد ملکی برآمدات میں 24 فیصد کی نمایاں کمی

پہلی مرتبہ مالی سال 2022 میں ملک نے نہ صرف برآمدی ہدف حاصل کیا بلکہ 30 ارب ڈالر کی نفسیاتی رکاوٹ کو بھی عبور کیا۔

گزشتہ مالی سال میں پاکستان کی برآمدات 26.6 فیصد بڑھ کر 31 ارب 84 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں جو ایک سال قبل 25 ارب 16 کروڑ ڈالر تھیں۔

اس کے برعکس ستمبر میں درآمدی بل 19.72 فیصد کم ہوکر 5 ارب 26 کروڑ ڈالر رہ گیا جو گزشتہ سال کے اسی مہینے میں 6.56 ارب ڈالر تھا، یوں ماہانہ بنیادوں پر درآمدی بل میں 13.21 فیصد کی کمی واقع ہوئی۔

رواں مالی سال کے ابتدائی تین مہینوں (جولائی اور ستمبر) میں درآمدی بل 16 ارب 33 کروڑ ڈالر رہا جو پچھلے سال 18.71 ارب ڈالر تھا، جو 21.42 فیصد کی کمی کو ظاہر کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مشرقی وسطیٰ کیلئے پاکستان کی برآمدات میں 16 فیصد اضافہ

مالی سال 22-2021 کے دوران درآمدی بل 43.45 فیصد بڑھ کر 80 ارب 51 کروڑ ڈالر ہوگیا تھا جو اس سے ایک سال پہلے 56 ارب 12 کروڑ ڈالر تھا۔

درآمدات میں کمی کے نتیجے میں ستمبر میں تجارتی خسارہ 30.62 فیصد کم ہو کر 2 ارب 88 کروڑ ڈالر رہ گیا جو گزشتہ سال کے اسی مہینے میں 4 ارب 15 کروڑ ڈالر تھا۔

چنانچہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں تجارتی خسارہ بھی اس سال 21.42 فیصد کم ہو کر 9 ارب 20 کروڑ ڈالر ہو گیا جو گزشتہ سال کے انہی مہینوں میں 11 ارب 71 کروڑ ڈالر تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024