• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کووڈ کا پھیلاؤ کم ہونے پر حکومت نے فضائی پروازوں پر ماسک کی پابندی ختم کردی

شائع October 2, 2022
کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر میں ماسک کا استعمال بھی شامل ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی
کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر میں ماسک کا استعمال بھی شامل ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی

حکومت نے کووڈ-19 احتیاطی تدابیر کے تحت ہوائی جہاز کے ذریعے اندرون ملک یا بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں پر دورانِ پرواز ماسک پہننے کی پابندی ختم کردی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کہا کہ ملک کے اندر اور پوری دنیا میں انفیکشنز میں مسلسل کمی ہو رہی ہے جس کی وجہ سے اس پابندی کو ختم کیا گیا۔

اس حوالے سے ایک نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ 'نان فارماسیوٹیکل انٹروینشنز (این پی آئیز) کے ایک حصے کے طور پر ماسک پہننا اب ملکی اور بین الاقوامی سفر کے دوران لازمی شرط نہیں رہا، تاہم اب بھی قابل ترجیح ہے'۔

این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ سے 75 کیسز اور 2 اموات رپورٹ ہوئیں۔

یہ بھی پڑھیں: طبی ماہرین نے کورونا وائرس کی چھٹی لہر کے خطرے سے خبردار کردیا

یہ کیسز 11 ہزار 718 ٹیسٹ کے نتیجے میں سامنے آئے، یوں مثبت شرح 0.64 فیصد رہی جبکہ 48 مریض انتہائی نگہداشت میں داخل تھے۔

صرف دو شہروں میں ایک ہزار سے زیادہ ٹیسٹ کیے گئے جن میں کراچی کے 4 ہزار 386 اور لاہور کے ایک ہزار 54 شامل ہیں۔

2020 میں وبائی مرض شروع ہونے کے بعد سے ملک میں 15 لاکھ 72 ہزار 598 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ 30 ہزار 616 اموات کی تصدیق ہوئی۔

رواں برس جنوری میں یومیہ کیسز کی تعداد اپنے عروج پر پہنچی تھی جب ایک دن میں 8 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: ہمارے معمولات میں آنے والی تبدیلی ہی اب ہمارا معمول ہوگا

تاہم سب سے زیادہ اموات سال 2021 میں ہوئیں جب اپریل کے ایک ماہ کے دوران 201 مریض انتقال کر گئے تھے۔

جیسے جیسے وقت کے ساتھ کووِڈ کے معاملات کم ہوتے گئے پاکستان نے رواں برس 31 مارچ کو این سی او سی، جو کووِڈ رسپانس کی نگرانی کرتا ہے، کو ختم کر دیا کیونکہ انفیکشن سب سے کم سطح پر آگئے تھے۔

البتہ نئی حکومت نے دو ماہ بعد اسے اومیکرون ویرینٹ سے لڑنے کے لیے بحال کردیا تھا جو کہ کووڈ وائرس کی ذیلی قسم ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024