• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

سیلاب متاثرین کی تعداد دستیاب اعدادوشمار سے زیادہ ہونے کا انکشاف

شائع October 1, 2022
ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالا نے کہا کہ سیلاب کے سبب 2 ہزار سے زائد طبی مراکز کو نقصان پہنچ چکا ہے—فائل فوٹو/ اے پی
ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالا نے کہا کہ سیلاب کے سبب 2 ہزار سے زائد طبی مراکز کو نقصان پہنچ چکا ہے—فائل فوٹو/ اے پی

اقوام متحدہ نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان میں سیلاب زدہ علاقوں میں مدد کی فوری ضرورت کے طلبگار متاثرین کی تعداد دستیاب اعداد و شمار سے کہیں زیادہ ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق حکومت پاکستان، اقوام متحدہ اور امداد کے لیے سرگرم دیگر معاون اداروں کی جانب سے ایک جائزے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ تباہ کن سیلاب کے بعد بہت سے لوگوں کو امداد کی فوری ضرورت ہے۔

60 کروڑ سے 80 کروڑ ڈالر امداد پر مبنی نظرثانی شدہ 'پاکستان فلڈ رسپانس پلان 2022' کا کل جنیوا میں اجرا کیا جائے گا جوکہ سیلاب متاثرین کی فوری اور بنیادی ضروریات کے لیے وقف ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: 'سیلاب زدہ علاقوں میں 6 لاکھ حاملہ خواتین بنیادی سہولیات سے محروم '

اس بات کا انکشاف اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر جولین ہارنیس نے گزشتہ روز اسلام آباد میں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) اور یونیسیف کے نمائندوں کے ہمراہ پریس بریفنگ سے خطاب کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب زدگان کو فوری امداد فراہم کرنے کے لیے 16 کروڑ ڈالر کی ہنگامی اپیل کے بعد ایک ماہ کے اندر 9 کروڑ ڈالر موصول ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضرورتمند خاندانوں تک خوراک پہنچائی جا رہی ہے لیکن تاحال یہ تمام لوگوں کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ناکافی ہے۔

سیلاب کے سبب 20 لاکھ گھر تباہ

اعداد و شمار کے مطابق سیلاب کے سبب تباہ شدہ مکانات کی تعداد 23 ستمبر تک 20 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔

اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ اس وقت 5 ہزار سے زائد اسکولوں کو بے گھر سیلاب متاثرین کے لیے بطور پناہ گاہ استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ سیلاب کے سبب اندازاً 23 ہزار 900 اسکولوں کو نقصان پہنچ چکا ہے۔

مزید پڑھیں: ’اقوامِ متحدہ پاکستان کیلئے مزید 60 کروڑ ڈالر کی امدادی اپیل کرے گا‘

پریس بریفنگ میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان میں عالمی ادارہ صحت کی نمائندہ ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالا نے کہا کہ سیلاب کے سبب 2 ہزار سے زائد طبی مراکز کو نقصان پہنچ چکا ہے جس کی وجہ سے متاثرہ علاقوں میں صحت عامہ کی صورتحال تشویشناک ہے۔

پاکستان میں یونیسیف کی نائب نمائندہ ڈاکٹر انوسا کبور نے کہا کہ 23 لاکھ لوگوں کو پینے کے صاف پانی تک رسائی نہیں ہے اور تقریباً 30 لاکھ لوگ آلودہ پانی پینے پر مجبور ہیں۔

دریں اثنا گزشتہ روز شائع ہونے والی یونیسیف کی رپورٹ کے مطابق اب تک کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ سیلاب کے سبب چاروں صوبوں میں اب تک کم از کم 25 ہزار 993 اسکولوں کو نقصان پہنچ چکا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024