• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

ایشیائی ترقیاتی بینک کا آئندہ ماہ پاکستان کیلئے ڈیڑھ ارب ڈالر کی منظوری دینے کا اعلان

شائع September 28, 2022
بینک پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق بحران کو کم کرنے میں اپنا تعاون جاری رکھے گا—فائل فوٹو: اے ایف پی
بینک پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق بحران کو کم کرنے میں اپنا تعاون جاری رکھے گا—فائل فوٹو: اے ایف پی

ایشیائی ترقیاتی بینک آئندہ ماہ پاکستان کے لیے ڈیڑھ ارب ڈالر کے کاؤنٹر سائیکلیکل قرض کی منظوری دے گا، جیسا کہ اس نے موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے پیدا ہونے والے خوراک کے بگڑتے ہوئے بحران کو کم کرنے کے لیے ایشیا اور بحرالکاہل کے ممالک کو 14 ارب ڈالر فراہم کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق منیلا سے اپنے 55 ویں سالانہ اجلاس کے آغاز پر ایک ورچوئل نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر مساتسوگو اساکوا نے کہا کہ پاکستان کے لیے ڈیڑھ ارب ڈالر کے کاؤنٹر سائیکلیکل قرضے پر کام جاری ہے اور اکتوبر میں اس کی منظوری دی جائے گی۔

انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بینک پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق بحران کو کم کرنے میں اپنا تعاون جاری رکھے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان میں ریلیف اقدامات کیلئے 30 لاکھ ڈالر کی منظوری

ساتھ ہی ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اے ڈی بی غذائی تحفظ سے نمٹنے کے لیے 2022 سے 2025 تک 14 ارب ڈالر کی امداد فراہم کرے گا، ایشیا اور بحرالکاہل کے خطے کے لیے یہ ردعمل جامع ہوگا، جس میں غذائی تحفظ کے فوری اور طویل مدتی دونوں پہلوؤں پر توجہ دی جائے گی۔

ایک سوال کے جواب میں بینک کے صدر نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی بے مثال تباہی پر دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے ہنگامی امدادی سرگرمیوں اور متاثرہ لوگوں کو خوراک، طبی اور دیگر امدادی سامان فراہم کرنے کے لیے فوری طور پر 30 لاکھ ڈالر کی گرانٹ کی منظوری دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بینک لوگوں کی تکالیف سے آگاہ ہے اور اس قدرتی آفت کے تباہ کن اثرات پر قابو پانے اور متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد فراہم کرنے میں پاکستان کی مدد کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

مساتسوگو اساکوا نے مزید کہا کہ انہوں نے پاکستانی قیادت اور عوام کو یقین دلایا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک موسمیاتی تبدیلیوں کے لیے لچکدار بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے لیے حکومت کے ساتھ کھڑا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ کچھ اور چینلز بھی ہیں جن کے ساتھ بینک نہ صرف خوراک کی حفاظت اور تعمیر نو کی کوششوں میں مدد فراہم کرے گا۔

مزید پڑھیں: ایشیائی ترقیاتی بینک کا پاکستان سے بچت، سرمایہ کاری بڑھانے کا مطالبہ

اے ڈی بی کے صدر نے کہا کہ ہمیں اس بحران کو ایک موقع کے طور پر لینا چاہیے اور یورپی گرین انرجی فنڈ سمیت تمام راستے تلاش کرنا چاہیے اور موسمیاتی اور غذائی تحفظ کے لیے ان مواقع کو تلاش کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ایشیا کے لیے سالانہ 17 کھرب ڈالر درکار ہوں گے تاکہ بنیادی ڈھانچے کی ضروریات بشمول موسمیاتی لچکدار انفراسٹرکچر کی مدد کی جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اے ڈی بی سال 2019 سے 2030 تک اپنے ترقی پذیر رکن ممالک کو موسمیاتی فنانسنگ فراہم کرنے کے لیے 100 ارب ڈالر کی بے مثال مدد فراہم کر رہا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024