• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

چاند نظر نہیں آیا، 12 ربیع الاول 9 اکتوبر کو ہو گی

شائع September 26, 2022
— فوٹو: اسکرین شارٹ پی ٹی وی
— فوٹو: اسکرین شارٹ پی ٹی وی

پاکستان میں ربیع الاول کا چاند نظر نہیں آیا اور 12 ربیع الاول اتوار 9 اکتوبر کو ہوگی۔

چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ربیع الاول کا چاند نظر نہیں آیا، یکم ربیع الاول 28 ستمبر بروز بدھ کو ہوگی اور 12 ربیع الاول بروز اتوار 9 اکتوبر کو ہوگی۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت کوئٹہ میں ہوا، اس کے ساتھ ساتھ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس کراچی، لاہور، اسلام آباد اور پشاور میں منعقد ہوئے۔

مولانا عبدالخبیر آزاد کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کے بیشتر مقامات پر مطلع صاف رہا، پاکستان کے کسی بھی مقام سے ربیع الاول کا چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔

مولانا عبدالخبیر آزاد نے مزید کہا کہ پورے ملک میں عدم رویت رہی اور چاند نظر نہیں آیا لہٰذا اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ یکم ربیع الاول 1444 ہجری 28 ستمبر بروز بدھ کو ہوگی اور 12 ربیع الاول بروز اتوار 9 اکتوبر کو ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا چاند نظر آنے کا اعلان، 12 ربیع الاول 19 اکتوبر کو ہوگی

ان کا کہنا تھا کہ 12 ربیع الاول کے حوالے سے میلاد النبی ﷺ کانفرنس اور پروگرام منعقد کیے جائیں گے، ہمیں میلاد منانے کے ساتھ ساتھ سنت نبوی ﷺ پر بھی عمل کرنا چاہیے۔

مولانا عبدالخبیر آزاد نے بتایا کہ آج اخلاقی قدریں گر چکی ہیں، سیرت النبی ﷺ پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔

بلوچستان کے علاقے ہرنائی پاک فوج کے ہیلی کاپٹر گرنے کے نتیجے میں 6 اہلکاروں کی شہادت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید پاک فوج کے افسران اور اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، ہم شہدا کے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، پاکستان ہے تو ہم ہیں، پاکستان کو آگے لے کر جانا چاہیے۔

مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب متاثرین امداد کے منتظر ہیں، قوم افواج پاکستان کے ساتھ سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے آگے بڑھے۔

قبل ازیں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے ٹوئٹر پر بتایا گیا کہ ربیع الاوّل 1444 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی اجلاس 26 ستمبر کو کوئٹہ میں جاری ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024