کراچی: صدر میں ترک وی لاگر کو ہراساں کرنے والا شخص گرفتار
پولیس نے کراچی کے علاقے صدر میں ایک ترک بلاگر کو ہراساں کرنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ساؤتھ کے ایس ایس پی اسد رضا نے بتایا کہ پریڈی پولیس کو واٹس ایپ کے ذریعے ایک ویڈیو کلپ موصول ہوا جس میں ایک شخص کو ہانک کانگ سینٹر کے قریب داؤد پوتا روڈ پر ایک خاتون کو ہراساں کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس نے جائے وقوع کا دورہ کیا اور مقامی دکانداروں سے واقعے کی تصدیق کی۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور: خود کو برہنہ کر کے خاتون کو جنسی ہراساں کرنے والا شخص فرار
بعدازاں ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے ملزم کو گرفتار کیا اور اس کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 509 (کسی بھی لفظ کا بولنا یا کوئی اشارہ کرنا جس کا مقصد کسی خاتون کی توہین کرنا ہو) کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔
پولیس کے مطابق پوچھ گچھ کے دوران مذکورہ شخص کو اپنے 'جرم' کا احساس ہوا اور اس نے اپنے غلط حرکت کے لیے 'معافی مانگی'۔
پریڈی پولیس نے کہا کہ پکڑے گئے مشتبہ شخص نے بلاگر کو خوفزدہ کیا، جس کا تعلق ترکیہ سے ہے اور اس ویڈیو کلپ سے ملک کی بھی بدنامی ہوئی۔
مزید پڑھیں: کراچی: آن لائن ہراسانی کیس میں نوجوان کو 22 ماہ قید کی سزا
پولیس حراست میں ریکارڈ کی گئی ویڈیو میں ملزم نے کہا کہ وہ خداداد کالونی کا رہائشی ہے اور اسے اپنی حرکت پر افسوس ہوا جس کے لیے وہ بلاگر سے معافی مانگتا ہے۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ گرفتار ملزم کو ہفتہ (آج) کو متعلقہ مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔