• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

یورپی یونین کا جبری گمشدگیوں کے خلاف قانون سازی کا مطالبہ

شائع September 24, 2022
یورپی یونین پارلیمنٹ کی ہ انسانی حقوق سے متعلق تین رکنی ذیلی کمیٹی نے پاکستان کا دورہ کیا—تصویر: وزارت انسانی حقوق ٹوئٹر
یورپی یونین پارلیمنٹ کی ہ انسانی حقوق سے متعلق تین رکنی ذیلی کمیٹی نے پاکستان کا دورہ کیا—تصویر: وزارت انسانی حقوق ٹوئٹر

یورپی پارلیمنٹ کے ایک وفد نے انسانی حقوق کے مسائل پر ٹھوس اقدامات، تشدد اور جبری گمشدگیوں کے خلاف قانون سازی اور رحم کی درخواستوں کے لیے طریقہ کار میں اصلاحات کا مطالبہ کیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کی مطابق یورپی کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں کہا گیا کہ انسانی حقوق سے متعلق تین رکنی ذیلی کمیٹی نے پاکستان کا دورہ کیا اور یورپی یونین کی جنرلائزڈ اسکیم آف پریفرنسز پلس (جی ایس پی پلس) اسکیم کے تحت ملک کی ترجیحی تجارتی رسائی کی نگرانی حتمی مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔

یورپی پارلیمنٹ (ایم ای پی) کے ارکان ماریا ایرینا، پیٹر وین ڈیلن اور پیٹراس آسٹریویسیئس پر مشتمل ذیلی کمیٹی نے انسانی حقوق کے مسائل پر بروقت اصلاحات اور قانون سازی کی تبدیلیوں اور انہیں ٹھوس بہتری میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں: جی ایس پی پلس کنونشنز کے مؤثر نفاذ کا جائزہ لینے کیلئے یورپی یونین مشن کی پاکستان آمد

بیان میں مزید کہا گیا کہ کمیٹی نے تشدد اور جبری گمشدگیوں کے خلاف قوانین کو تیزی سے اپنانے، سزائے موت دینے والے جرائم کی تعداد کو کم کرنے اور رحم کی درخواستوں کے لیے نئے طریقہ کار لاگو کرنے پر زور دیا۔

بیان میں کہا گیا کہ صحافیوں کے تحفظ کے قوانین، سول سوسائٹی کی تنظیموں اور میڈیا کے کام کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو ختم کرنے اور اجتماعی بات چیت اور اتحاد کے حقوق پر عمل درآمد کیا جانا چاہیے۔

بیان کے مطابق سینیٹ ارکان نے توہین مذہب سے متعلق مقدمات کی جلد سماعت کے لیے سپریم کورٹ کے ججز کو خط لکھنے کا عزم کیا ہے۔

اس کے علاوہ یورپی پارلیمنٹ کے اراکین نے گھریلو تشدد، چائلڈ لیبر اور بچوں کی شادی کو روکنے کے لیے 'فیصلہ کن اقدامات' کا بھی مطالبہ کیا۔

مزید پڑھیں: پاکستان کے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے خلاف یورپی پارلیمنٹ میں نظرثانی کی قرارداد منظور

اپنے دورے کے دوران ایم ای پیز نے اسپیکر اور اراکین قومی اسمبلی کے علاوہ چیئرمین اور سینیٹ کے اراکین سے ملاقات کی۔

انہوں نے انسانی حقوق اور قانون کے وزراء، سول سوسائٹی کے ارکان، خواتین انسانی حقوق کے کارکنوں اور میڈیا والوں سے بھی ملاقاتیں کیں۔

بات چیت میں بہت سے مسائل کا احاطہ کیا گیا، جن میں فوجداری نظام انصاف، تشدد اور سزائے موت، معاشی اور سماجی حقوق، گھریلو تشدد کی روک تھام، اور مذہب اور عقیدے اور اظہار رائے کی آزادی شامل ہیں۔

بیلجیئم کی رکن ماریا ایرینا نے کہا کہ ہمارے دورے نے ہمیں پاکستان کو انسانی حقوق کے حوالے سے درپیش چیلنجوں کی مجموعی تصویر حاصل کرنے کا موقع دیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کو جی ایس پی پلس اسٹیٹس میں توسیع ملنے کیلئے وزیراعظم پُر امید

ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے زمینی صورتحال کو حقیقی طور پر تبدیل کرنے کے لیے اہم پیش رفت اور تجدید عہد سال 2023 کے بعد کے جی ایس پی پلس کی درخواست کے عمل میں کامیابی کے لیے ضروری ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ایک بڑے جی ایس پی ملک کے طور پر پاکستان نے انسانی حقوق، مزدوروں کے حقوق، پائیدار ترقی اور گڈ گورننس سے متعلق 27 بین الاقوامی کنونشنز کی توثیق اور ان کی تعمیل کرنے کا عہد کیا ہے۔

یورپی پارلیمنٹ کی جانب سے کمیٹی کے ارکان نے بھی حالیہ سیلاب اور بارشوں سے ہونے والے جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا۔

اراکین کو ردعمل اور امدادی سرگرمیوں اور موسمیاتی آفات کے حوالے سے ملک کے خطرات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اراکین نے زور دیا کہ بین الاقوامی برادری کو عالمی کاربن کے اخراج کو کم کرنے اور موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی مدد کے لیے اپنی کوششوں میں اضافہ کرنا چاہیے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024