• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

جاپان: طاقتور سمندری طوفان ’نانماڈول‘ کے باعث ریکارڈ بارشیں، 2 افراد ہلاک

شائع September 20, 2022
مقامی میڈیا کے مطابق  ایک شخص اپنی کار کے اندر مردہ پایا گیا، دوسرا شخص لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مرا—فوٹو: اے ایف پی
مقامی میڈیا کے مطابق ایک شخص اپنی کار کے اندر مردہ پایا گیا، دوسرا شخص لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مرا—فوٹو: اے ایف پی

جاپان کی تاریخ کے طاقتور ترین طوفانوں میں سے ایک سمندری طوفان ‘نانماڈول’ کے باعث کم از کم 2 افراد ہلاک ہوگئے، اس دوران ملک کے مغربی حصوں میں تیز ہواؤں اور ریکارڈ بارشوں کے باعث ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہوا اور کمپنیاں کام مؤخر کرنے پر مجبور ہوگئیں۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق جاپان کے وزیر اعظم فومیو کشیدا نے سیزن کے 14 ویں طوفان سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے رواں ہفتے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے لیے نیویارک روانگی کو مؤخر کردیا۔

فومیو کشیدا نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے طوفان سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے اور بحالی کے حوالے سے تمام ممکنہ اقدامات کے لیے آج اپنی طے شدہ روانگی ملتوی کر دی ہے، اگر حالات نے اجازت دی تو منگل کی صبح روانہ ہوں گا۔

یہ بھی پڑھیں: جاپان : خطرناک سمندری طوفان کے پیشِ نظر 40 لاکھ شہریوں سے انخلا کی اپیل

نانماڈول اتوار کے روز کیوشو کے مغربی جزیرے سے ٹکرانے سے قبل کاگوشیما شہر سے ٹکرایا اور ہونشو کے مرکزی جزیرے پر پیر کی صبح اثرانداز ہوا۔

سرکاری نشریاتی ادارے این ایچ کے کی فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ کیوشو کے میازاکی کی حدود میں واقع دریا کا پانی کھیتوں اور سڑکوں پر آ گیا، دوسری ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ دریا کے کنارے واقع مکان آدھا جھکا ہوا ہے، ٹین کی چھت گیس اسٹیشن پر گری ہوئی ہے اور بل بورڈ بلڈنگ سے سڑک کی جانب لٹکا ہوا ہے۔

جاپان کی موسمیاتی ایجنسی (جے ایم اے) نے کا کے ایک عہدیدار نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ ہمیں شدید بارشوں، آندھی، اونچی لہروں اور طوفانی صورتحال کے لیے انتہائی چوکس رہنے کی ضرورت ہے۔

مقامی میڈیا نے بتایا کہ ایک شخص اپنی کار کے اندر مردہ پایا گیا، کار مکمل طور پر پانی ڈوبی پائی گئی جب کہ ایک اور شخص لینڈ سلائیڈنگ کے دوران مٹی کے نیچے دب کر مر گیا، این ایچ کے نے رپورٹ کیا کہ ایک اور شہری لاپتا ہے جب کہ طاقتور سمندری طوفان کے باعث کم از کم 115 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

مزید پڑھیں: جاپان کی تاریخ کا طاقتور ترین طوفان ‘ہگی بِس’

وزارت تجارت نے بتایا کہ پیر کی سہ پہر تقریباً 2 لاکھ 86 ہزار گھر بجلی سے محروم تھے جب کہ صبح کے اوقات میں تقریباً 3 لاکھ 40 ہزار گھروں میں بجلی کی فراہمی معطل تھی ۔

این ایچ کے نے رپورٹ کیا کہ کیوشو ریلوے کو نے کہا کہ اس نے تیز رفتار اور ریگولر دونوں ٹرینوں کا آپریشن روک دیا ہے جب کہ جاپان ایئر لائن کمپنی لمیٹڈ اور اے این اے ہولڈنگز نے تقریباً 800 پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔

جے ایم اے نے بتایا کہ طوفان پیر کے روز ساحلی پٹی سے ٹکرانے کے بعد مغربی ہونشو کے علاقے شیمانے کی جانب دوبارہ رخ کیا اور تقریباً 35 کلومیٹر فی گھنٹہ (22 میل فی گھنٹہ) کی رفتار سے مشرق کی جانب بڑھ رہا تھا، جے ایم اے نے مزید کہا کہ منگل کی شام تک 24 گھنٹے کے دوران وسطی جاپان کے صنعتی مرکز ٹوکائی میں 300 ملی میٹر (11.8 انچ) تک بارش متوقع ہے جب کہ عام تعطیل کے باعث زیادہ تر اسکول بند رہے۔

تائیوان میں زلزلہ

جنوب مشرقی تائیوان میں گزشتہ روز آئے زلزلے کے آفٹر شاکس محسوس کیے گئے جن میں 5.5 شدت کا زلزلہ بھی شامل ہے جو کہ دارالحکومت تائی پے میں محسوس کیا گیا، گزشتہ روز خوفناک زلزلے سے ایک شخص ہلاک اور 150 کے قریب زخمی ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: جاپان: خوفناک سمندری طوفان میں 65 ہلاکتوں کی تصدیق

امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) نے کہا کہ تازہ ترین زلزلہ صبح 10 بجے کے قریب ساحلی شہر ہوالین سے 66 کلومیٹر (41 میل) جنوب مغرب میں 13 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔

تائیوان کے مرکزی موسمیاتی ادارے نے زلزلے کی شدت 5.9 بتائی ہے، دیہی اور بہت کم آبادی والے جنوب مشرقی تائیوان میں ہفتے کے روز سے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جا رہے ہیں، سب سے زیادہ طاقتور، 6.9 شدت کا زلزلہ اتوار کی دوپہر آیا جس کے سڑکوں میں ڈراڑیں پڑگئیں اور یولی قصبے میں متعدد مکانات زمین بوس ہوگئے جب کہ کم از کم ایک شخص ہلاک ہوا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024