• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

بیجنگ میں آرمی چیف کی چینی وزیر دفاع سے ملاقات، باہمی فوجی تعاون 'اہم ستون‘ قرار

شائع September 19, 2022
چینی وزیر دفاع نے کہا کہ چین، پاکستان اور اس کی افواج کے ساتھ آزمودہ تعلقات کی قدر کرتا ہے — فوٹو: آئی ایس پی آر
چینی وزیر دفاع نے کہا کہ چین، پاکستان اور اس کی افواج کے ساتھ آزمودہ تعلقات کی قدر کرتا ہے — فوٹو: آئی ایس پی آر

چین کے وزیر دفاع وی فینگھے نے بیجنگ میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان باہمی تعلقات کے لیے فوجی تعاون ’اہم ستون‘ ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ دو روزہ سرکاری دورے پر آج چین پہنچے جہاں چینی وزیر دفاع وی فینگھے کے ساتھ ان کی ملاقات ہوئی۔

مزید پڑھیں: چین، تائیوان کے معاملے پر جنگ شروع کرنے پر ہرگز نہیں ہچکچائے گا، چینی وزیر دفاع

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ملاقات کے دوران چینی وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان اور اس کی افواج کے ساتھ آزمودہ تعلقات کی قدر کرتے ہیں۔

چینی وزیر دفاع نے پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک کی ترقی کا مقصد دونوں ممالک کے لیے فوائد اور خوش حالی لانا ہے اور پاک-چین فوجی تعاون کو باہمی تعلقات کے لیے ’اہم ستون‘ قرار دیا۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں مزید کہا گیا کہ چینی وزیر دفاع نے پاکستان میں سی پیک کے منصوبوں کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے کیے گئے اقدامات اور خطے کے استحکام کے لیے کوششوں پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا کے ساتھ تعلقات نازک موڑ پر ہیں، چینی وزیر دفاع

بیان میں کہا گیا کہ چینی وزیر دفاع نے سی پیک منصوبے کی ترقی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے توقع ظاہر کی۔

چینی وزیر دفاع نے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار تعزیت کی۔

مزید پڑھیں: اگر تائیوان آزادی کی طرف بڑھا تو آخری حد تک لڑیں گے، چینی وزیر دفاع

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق وی فینگھے نے کہا کہ ان کی حکومت پاکستان کو سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سرگرمیوں میں تکنیکی مدد فراہم کرنے کے خواہش مند ہے اور ساتھ سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کی امداد کے لیے افواج پاکستان کی کاوشوں کو سراہا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اس دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چینی وزیر دفاع کے مؤقف اور پاکستان کے لیے چین کی مسلسل مدد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024