لندن: آنجہانی ملکہ الزبتھ کے تابوت کی طرف لپکنے والا شخص گرفتار
لندن کے ویسٹ منسٹر ہال میں آنجہانی ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کے تابوت کی طرف بھاگنے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق رات 10بجے ویسٹ منسٹر ہال میں پیش آیا جب آنجہانی ملکہ الزبتھ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی، اسی دوران ایک مشتبہ شخس کو تابوت کی طرف بھاگتے ہوئے دیکھا گیا جس کے بعد پولیس نے اس شخص کے گرفتار کرلیا۔
برطانوی اخبار ‘گارجین’ کے مطابق میٹروپولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ ڈپلومیٹک پولیس اور پارلیمنٹ پروٹیکشن پولیس نے مشتبہ شخص کو ویسٹ منسٹر ہال میں افراتفری پھیلانے کے الزام میں حراست میں لے لیا ہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ تابوت کی طرف لپکنے والے شخص کو پولیس نے پبلک ایکٹ آرڈر کے تحت حراست میں لیا ہے۔
مشتبہ شخص کی گرفتاری سے قبل برطانیہ کے نئے بادشاہ چارلس (سوم)، اپنی بہن شہزادی این اور بھائیوں پرنس اینڈریو اورپرنس ایڈورڈ کے ہمراہ ملکہ کو خراج عقیدت پیش کرنے یہاں آئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : تین دہائیاں قبل بنایا گیا ملکہ الزبتھ کا تابوت کس دھات اور لکڑی سے تیار کیا گیا؟
لوگوں کی بڑی تعداد ملکہ کے تابوت کو دیکھنے کے لیے 8 کلومیٹر طویل قطار میں کھڑی انتظار کر رہی تھی۔
شاہی خاندان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے ویسٹ منسٹر ہال کے خارجی دروازے میں موجود لوگ اس شخص کی حرکت پر حیرت زدہ ہو گئے تھے۔
واقعہ کے بعد حکام نے ویسٹ منسٹر ہال کے باہر مزید لوگوں کو آنے سے عارضی طور پر روک دیا تھا۔